GB News

آئندہ الیکشن میں دھاندلی نہیں کرنے دیں گے،بلاول بھٹو

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ز رداری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں دھاندلی نہیں کرنے دی جائے گی ، اس لئے پارٹی کارکن عوام کی قوت سے انتخابات جیتنے کی تیاری کریں، پاکستان پیپلزپارٹی کا منشور ہی عوام کے بنیادی مسائل کا حل ہے،پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر جب عوام کو روزگار دیتی ہے تو اس کا مطلب روٹی، کپڑا ور مکان کے خواب کی تعبیر ہوتی ہے، گلگت سے لے کر کراچی تک پاکستان پیپلزپارٹی ایک طاقت کا نام ہے جو غریبوں، مزدوروں، محنت کشوں، طالب علموں ، نوجوانوں، خواتین سمیت ہر مکتب فکر کی نمائندگی کرتی ہے، پاراچنار دہشتگردی سے زیادہ متاثر ہوا ہے، دہشتگردوں نے پاراچنار کو معصوم اور بے گناہ انسانوں کے خون سے سرخ کر دیا ہے،پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکن پاراچنار کے غمزدہ خاندانوں کے دکھ اور درد میں برابر کی شریک ہے ۔وہ جمعرات کو یہاں زرداری ہائوس میں پیپلزپارٹی راولپنڈی ضلعی، سٹی اور کینٹ کے عہدیداروں کے وفود اورپیپلزپارٹی پاراچنار کے رہنما قلبِ عباس سے الگ الگ ملاقاتوں میں گفتگو کررہے تھے۔ ملاقات میں ابن عباس نے چیئرمین پارٹی کو پاراچنار کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قلب عباس کو ہدایت کی کہ وہ پاراچنارکے شہیدوں کے ورثاء تک پارٹی کا پیغام پہنچائیں گے کہ ان کا دکھ اور درد ہمارا دکھ اور درد ہے۔ ہم اس سوچ کو ختم کریں گے جو شدت پسندی کو فروغ دیتی ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی سے پیپلزپارٹی راولپنڈی ضلعی، سٹی اور کینٹ کے عہدیداروں کے وفود نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، سیکریٹری اطلاعات، چوہدری منظور بھی موجود تھے۔ وفود سے باتیں کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں دھاندلی نہیں کرنے دی جائے گی۔ اس لئے پارٹی کارکن عوام کی قوت سے انتخابات جیتنے کی تیاری کریں۔

Share Button