GB News

بالا کوٹ حملے میں کوئی پاکستانی جاں بحق نہیں ہوا، سشما سوراج

Share Button

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ آخرکار بھارتی وزیر خارجہ سشما سراج نے سچ بول دیا۔ جمعرات کو انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں کہا کہ زمینی حقائق نے انڈیا کو مجبور کر دیا،امید ہے باقی جھوٹوں سے متعلق بھی سچ بولیں گے۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ دیرآید درست آید۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت2طیارے گرائے جانے کی تردیدکرتارہا اور پھر پاکستان کا ایف16طیارہ گرانے کا دعویٰ بھی کیا، بھارت کے دونوں دعوے جھوٹے ثابت ہوئے۔ واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے پلوامہ میں 14 فروری کو ہونے والے حملے کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دیکر 26 فروری کو پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی گئی۔پاک فضائیہ کے طیاروں نے بھارتی مداخلت کی کوشش کو ناکام بنا دیا تھا لیکن بھارت کا دعوی تھا کہ بالاکوٹ حملے میں کئی دہشت گرد اور پاکستانی فوجی شہید ہوئے۔اس کے جواب میں پاکستان نے 27 فروری کو بھارت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے دو طیاروں کو تباہ کیا اور بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھی نندن کو گرفتار بھی کیا۔پاکستان کی جانب سے مختلف ممالک کے ملٹری اتاشیوں، غیر ملکی سفیروں اور غیر ملکی صحافیوں کو بالا کوٹ کا دورہ بھی کروایا گیا جہاں کسی قسم کا کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔ بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنما انتخابی مہم کے دوران بالا کوٹ حملے کو اپنی تشہیر کے لیے بھی استعمال کرتے رہے جب کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ثبوت مانگنے کے باوجود بھارتی افواج اور حکمران کسی قسم کا ثبوت عوام اور میڈیا کے سامنے نہ رکھ سکے۔اب بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھی بالاکوٹ حملے میں اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالاکوٹ حملے میں کوئی بھی پاکستانی فوجی یا سویلین جاں بحق نہیں ہوا تھا۔بھارتی وزیر خارجہ کے بیان پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ نے آخر کار سچ بول دیا۔میجر جنرل آصف غفور نے مزید لکھا کہ زمینی حقائق نے بھارت کو مجبور کر دیا، امید ہے بھارت باقی جھوٹوں سے متعلق بھی سچ بولے گا، دیر آید درست آید۔

Facebook Comments
Share Button