GB News

دشمن کو ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے،آرمی چیف

Share Button

راولپنڈی(آن لائن،مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ناردرن لائٹ انفنٹری رجمنٹل سینٹر بونجی کے دورہ پر لیفٹیننٹ جنرل انور حیدر کو کرنل کمانڈنٹ کے بیجز لگائے، یاد گار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جمعہ کے روز این ایل آئی رجمنٹل سینٹر بونجی کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل انور حیدر کو کرنل کمانڈنٹ کے بیجز لگائے اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائر اکرام الحق بھی موجود تھے۔ آرمی چیف نے این ایل آئی کے افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو سراہا اور وطن کے لئے ان کے کردار کی تعریف کی۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج دفاع وطن کے لئے پوری طرح مستعد ہے دشمن کو ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے پاک فوج قوم کی توقعات اور امیدوں پر پورا اترے گی ،پاکستان امن چاہتا ہے لیکن امن کی خواہش کو کسی نے کمزوری سمجھا تو یہ اس کی بہت بڑی بھول ثابت ہوگی، انھوں نے کہا کہ پاک فوج اور قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کا مشن جاری رہے گا انھوں نے کہا کہ وہ عناصر جو معصوم جانوں سے کھیلتے ہیں انھیں نشان عبرت بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اس موقع پر آرمی چیف نے یاد گار شہداء پر بھی حاضری دی اورپھولوں کی چادر چڑھائی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق این ایل آئی کئی اعزازات حاصل کر چکی ہے جن میں 2 نشان حیدر بھی شامل ہیں۔

Facebook Comments
Share Button