GB News

عوام اور ملک کی خدمت کرنے والا کابینہ میں رہے گا، عمران خان

Share Button

اسلام آباد(آئی این پی ) وزیرِ اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماوں کے اجلاس میں سابق وزیرِ خزانہ اسد عمر کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اچھے آدمی ہیں، ہماری خواہش ہے وہ دوبارہ کابینہ میں آئیں۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماوں کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسد عمر دوبارہ کابینہ میں آنا چاہیں تو ہم خوش آمدید کہیں گے۔وزیر اعظم نے کابینہ میں رد و بدل کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر پارٹی رہنماوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے اسد عمر کو اچھے الفاظ میں یاد کیا۔سامنے آنے والی اندرونی کہا نی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے کہا اسد عمر کو دوبارہ کابینہ میں آنے کے لیے کہیں گے، اسد عمر واپس آئیں تو کابینہ کو فائدہ ہوگا۔وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت میں کوئی مستقل طور پر نہیں آیا، عوام اور ملک کی خدمت کرنے والا رہے گا، باقی گھر جائیں گے، وفاق کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر بھی نظر ہے، روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی مانیٹر ہو رہی ہے۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے رہنماوں سے کہا کہ وہ عوام کے لیے دل میں رحم پیدا کریں، حکومت میں آنے کا مقصد عوامی فلاح کے منشور پر عمل درآمد ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، ایک بار معیشت مستحکم ہوئی تو آسانی سے ٹیک آف کر جائیں گے۔انھوں نے پارٹی ترجمانوں کو حکومتی موقف جارحانہ انداز میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ٹاک شوز میں مکمل معلومات اور تیاری کے ساتھ جائیں اور اپوزیشن کے پراپیگنڈے کے بر عکس عوام کو اصل حقائق سے آگاہ رکھیں۔

Facebook Comments
Share Button