تازہ ترین

GB News

برسبین ٹیسٹ، پہلی اننگز میں آسٹریلیا کو 72رنز کی برتری

Share Button

برسبین ٹیسٹ میں پاکستان کی بیٹنگ کے بعد باﺅلنگ بھی ناکام ہو گئی، گابا کی تیز رفتار وکٹ پر نا تو نسیم شاہ کی تیز رفتار گیندیں کینگروز کو ڈرا سکیں اور نا ہی یاسر شاہ کا اسپن جادو چلا۔ٹیسٹ کا دوسرا دن آسٹریلوی بلے بازوںکے نام رہا ۔آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 312رنز بنا کر پاکستان پر 72رنز کی برتری حاصل کرلی، اوپنر ڈیوڈ وارنر151 اور مارنس لبوشین 55رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔جوئے برنس 97رنز بناکر آﺅٹ ہوئے ،پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ یاسر شاہ نے لی۔جمعہ کوبرسبین میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور جوئے برنس نے کیا، دونوں اوپنرز نے انتہائی پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا جب کہ پاکستانی بولرز آسٹریلوی اوپنرز کے سامنے بے بس نظر آئے، گابا کی تیز رفتار وکٹ پر نا تو نسیم شاہ کی تیز رفتار گیندیں کینگروز کو ڈرا سکیں اور نا ہی یاسر شاہ کا اسپن جادو چلا۔پاکستان کو میچ میں پہلی وکٹ اس وقت ملی جب نسیم شاہ نے 56کے انفرادی اسکور پر ڈیوڈ وارنر کو چلتا کردیا لیکن 16سالہ فاسٹ بالر اس وقت بدقسمت ثابت ہوئے جب تھرڈ امپائر نے اس گیند کو نوبال قرار دے دیا۔اس کے بعد انتہائی کوشش کے باوجود پاکستانی بالرز چائے کے وقفے تک کوئی وکٹ لینے میں ناکام رہے اور آسٹریلین اوپنرز نے نے دو سیشنز میں بغیر کسی نقصان کے 195رنز بنا لیے تھے۔ دونوں اوپنرز کے درمیان 222رنز کی اوپننگ شراکت قائم ہوئی جس کے بعد جوئے برنس یاسر شاہ کی گیند پر 97رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے۔جوئے برنس کے آﺅٹ ہونے کے بعد اوپنر ڈیوڈ وارنر نے اپنی سنچری مکمل کی جس کے باعث آسٹریلوی ٹیم نے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 312رنز بنالیے ہیں جب کہ کینگروز کو پاکستان پر 72رنز کی برتری بھی حاصل ہے، اوپنر ڈیوڈ وارنر151جب کہ ون ڈاون آنے والے مارنس لبوشین نے 55رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔قومی ٹیم گزشتہ روز ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں صرف 240رنز ہی بناسکی تھی، پاکستان کی جانب سے اسد شفیق نے سب سے زیادہ 76 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 4، پیٹ کمنز نے3، ہیزل ووڈ نے 2 جب کہ نیتھن لیون نے ایک کھلاڑی کو آٹ کیا۔

Facebook Comments
Share Button