تازہ ترین

GB News

ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی تدفین کے موقع پر بھگدڑ مچنے سے50 افراد جاںبحق، 213افراد زخمی

Share Button

کرمان(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی حملے میں جاں بحق ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی تدفین کے موقع پر بھگدڑ مچنے سے50 افراد جاںبحق اور 213افراد زخمی بھی ہوگئے۔ بھگدڑ منگل کو قاسم سلیمانی کے آبائی شہر کرمان میں ان کے جنازے میں مچی جس میں بہت بڑی تعداد میں لوگ شریک تھے۔ یہ واضح نہیں کہ بھگدڑ کیوں اور کیسے مچی ،ایرانی ایمرجنسی سروسز کے سربراہ پیرحسین قلیوند کا کہنا ہے کہ ‘بدقسمتی سے بھگدڑ میں متعدد افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔’ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ کرمان پولیس کے ڈائریکٹر جنرل حامد شمس الدین نے ان افواہوں کو مسترد کیا ہے کہ جنازے کے جلوس میں دہشت گردی کی کوئی کارروائی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ‘قاسم سلیمانی کے جنازے میں دہشت گردی کی کارروائی کی افواہ نظام کے دشمنوں کی سازش ہے۔’ ایران کے سرکاری ٹی وی پر دکھائے جانے والے مناظر کے مطابق منگل کو کرمان میں بھی سیاہ لباس پہنے ہوئے بڑی تعداد میں عوام انھیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے۔ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق کرمان میں قاسم سلیمانی کے جنازے میں لاکھوں افراد شریک تھے۔جنازے کے جلوس میں شریک افراد نے ایرانی پرچم اور قاسم سلیمانی کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور وہ ‘مرگ بر امریکہ’ یا امریکہ مردہ باد اور ٹرمپ مردہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔ کرمان میں ان کے جنازے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ ایران قاسم سلیمانی کی موت کا بدلہ ‘ان مقامات کو جلا کر لے گا جو انھیں (امریکیوں کو) بہت پسند ہیں۔’ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم اپنے دشمن سے کہتے ہیں کہ ہم بدلہ لیں گے۔ اگر انھوں نے اب کوئی قدم اٹھایا تو ہم ان کے پسندیدہ مقامات کو جلا دیں گے اور وہ جانتے ہیں کہ وہ مقامات کہاں ہیں۔’دوسری جانب امریکہ نے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کو رواں ہفتے نیویارک میں اقوامِ متحدہ میں ایک اجلاس میں شرکت کے لیے ویزا جاری کرنے سے بھی انکار کیا ہے۔ بظاہر یہ قدم اس معاہدے کی خلاف ورزی ہے جس کے تحت غیرملکی حکام کو اقوامِ متحدہ کے صدر دفتر تک رسائی کی ضمانت دی جاتی ہے۔تہران میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جواد ظریف نے کہا امریکہ نے قاسم سلیمانی کو قتل کر کے بہت بڑا جوا کھیلا اور اس کا حساب کتاب غلط ہو گیا ہے۔یادرہے کہ تہران میں جنازے کے موقع پر قاسم سلیمانی کی بیٹی زینب سلیمانی نے امریکہ کو خبردار کیا کہ اسے اس اقدام پر ‘سیاہ دن’ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘خبطی ٹرمپ یہ نہ سمجھنا کہ میرے والد کی شہادت کے ساتھ سب کچھ ختم ہو گیا ہے۔’

Facebook Comments
Share Button