تازہ ترین

GB News

گلگت بلتستان میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا

Share Button

گلگت، سکردو،غذر ، استور، شگر ، کھرمنگ (نمائندگان)گلگت بلتستان میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا، میدانی علاقوں میں ایک فٹ جبکہ بالائی علاقوں میں تین فٹ برف پڑ چکی ہے ، شدید برفباری کی وجہ سے بالائی علاقوں میں لوگ محصور ہو کر رہ گئے ، رابطہ سڑکیں بند ہونے سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا ہے، سکردو میں سڑکوں پر برف جمنے کے باعث پھسلن سے ٹریفک حادثات بڑھ رہے ہیں شدید برفباری کی وجہ سے طلبہ کو تعلیمی اداروں تک پہنچنا بھی مشکل ہو گیا ، دفاتر میں ملازمین کی حاضری بھی کم ہو گئی ، محکمہ موسمیات نے بلتستان میں آئندہ 24 گھنٹے موسم خراب رہنے اور شدید برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے ، شگر ، کھرمنگ اور گانچھے میں بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے ، شگر کے بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہو چکی ہیں، استور میں بھی برفباری نے نظام زندگی مفلوج کر کے رکھ دیا ہے ، بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے ، رابطہ سڑکیں بند ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، غذر کے ضلعی ہیڈکوارٹر گاہکوچ میں 2انچ جبکہ بالائی تحصیل پھنڈر میں 4انچ برف پڑ چکی ہے ،شندور ٹاپ بلاک ہونے کے باعث لوگوں کیلئے پیدل آمدورفت بھی مشکل ہو کر رہ گئی ، سڑکوں کی بندش سے بالائی علاقوں میں اشیاء خورونوش اور ادویات کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ ادھر ڈائریکٹر جی بی ڈی ایم اے فرید احمد نے کہا ہے کہ حالیہ برف باری کا سلسلہ آج اور منگل تک جاری رہے گا موسم کے حوالے سے الرٹ 9جنوری کو جاری کردیاگیا تھاڈی ڈی ایم اے شگر اور گلگت نے موسم کے حوالے سے الرٹ جاری کردیاہے برف باری کی وجہ سے گوجال اورشگر کے رابطے سٹرکیں بند ہو چکی ہیں شگر میں گزشتہ 24گھنٹوں سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کسی قسم کا انفراسٹرکچرنقصان نہیں ہوا ہے گلگت بلتستان کے رابط سٹرکوں کو کھولنے کیلئے مشینری موبلائز کردی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی فرید احمد نے کے پی این سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہاکہ برف باری کے دوران بلا ضرورت سفرس ے گریز کریں اور نالوں میں رہنے والے لوگوں کو خصوصی طورپر گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔ فرید احمد نے کہا کہ برف باری کے دوران حفاظتی اقدامات کو مد نظر رکھتے ہوئے گرم ملبوسات پہننے اور گھرسے بلا وجہ باہر نکلنے سے گریزکیا جائے انہوںنے کہا کہ ڈی ڈی ایم اے پولیس سمیت کمیونٹی کے ساتھ رابطے ہیں اور کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے الرٹ ہیں ۔

Facebook Comments
Share Button