تازہ ترین

GB News

وفاقی حکومت ملک میں سیاحت کی ترقی کے لئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے، علی امین خان گنڈا پور

Share Button

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)وفاقی وزیر اُمور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سیاحت کی ترقی کے حوالے سے بے پناہ صلاحیت موجود ہے او روفاقی حکومت ملک میں سیاحت کی ترقی کے لئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے وہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موجود پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن موٹلز کے اثاثہ جات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کے ایڈیشنل سیکرٹری،گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت فداخان ،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سیکرٹریزسیاحت کے علاوہ مینجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کوششوں اور سیکورٹی کی بہتر صورت حال کے باعث پاکستان خصوصاً اس کے گلگت بلتستان کا شمار دنیاکے خوب صورت ترین علاقوں میں کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان علاقوں میں سیاحوں کے لیے موجود سہولیات میں خاطرخواہ بہتری لائی جائے۔انہوں نے کہاکہ اسی سلسلے میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موجود پی ٹی ڈی سی موٹلز کو اپ گریڈ کرنے کے لئے ان کو لیز پر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں پی ٹی ڈی سی کے خاطر خواہ اثاثے موجودہیں اور ان کو لیز پر دینے اور اُن سے متوقع آمدن کے استعمال کے ضمن میں وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان حکومتوں اور پی ٹی ڈی سی کے درمیان ایک پُل کا کردار ادا کررہی ہے۔اجلاس میں پی ٹی ڈی سی حکام اور آزادکشمیرحکومت اور گلگت بلتستان حکومت کے نمائندوں کے درمیان پی ٹی ڈی سی موٹلز اور پراپرٹیزسے متوقع آمدن کی تقسیم اور اس کے استعمال سے متعلق مختلف آپشنز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ لیز پراسسنگ کمیٹی میں آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے سیکرٹریز ٹورازم اور فنانس شامل ہو ں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لیز کے عمل سے وصول ہونے والے فنڈز سیاحت کی ترقی کے لیے استعمال کیے جائیںگے۔اس موقع پر آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندوں نے زور دیا کہ یہ فنڈز انہی علاقوں میں سیاحت کی ترقی کے لیے استعمال کیے جائیں۔ ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے کہا کہ لیز کا عمل مکمل ہونے اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد فنڈز طے شدہ فارمولے اور طریقہ کار کے مطابق آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کو منتقل کیے جائیں گے جو ان فنڈز کو سیاحت کی ترقی کے لیے استعمال کریں گے۔ ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے کہا کہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان حکومتوں کی جانب سے طے شدہ فارمولے اور طریقہ کار کی منظوری کے بعد اس کو پی ٹی ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے منظور کروایا جائے گا۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر زور دیا کہ تما م تر قانونی تقاضے پورے کرنے اور متعلقہ فورمز سے منظوری کے بعد ان موٹلزکی لیز کا عمل جلد از جلد تکمیل تک پہنچا یا جائے تاکہ سیاحت کے حوالے سے پیش آمدہ سیزن میں سیاحوں کو رہائش کی بہتر سہولیات میسر آسکیں۔

Facebook Comments
Share Button