تازہ ترین

GB News

کروناوائرس: اسپین میں 7ہزار، دنیابھر میں 35ہزار سے زائد ہلاکتیں

Share Button

دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات 35 ہزار سے بھی تجاوز کرگئیں، آج 30 مارچ کو مزید 1273 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، امریکا میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار اور دنیا بھر میں 7 لاکھ 41 ہزار سے بڑھ گئی، اسپتالوں میں ساڑھے 5 لاکھ مریض زیر علاج ہیں، جن میں سے 28 ہزار 500 قریب متاثرین کی حالت تشویشناک ہے، اٹلی 97 ہزار سے زائد مریضوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

کرونا وائرس سے متعلق مریضوں اور اموات کا ریکارڈ جمع کرنیوالی ویب سائٹ ورلڈ او میٹرز ڈاٹ انفو کے مطابق چین کے شہر ووہان سے دنیا بھر میں پھیلنے والے انتہائی مہلک مرض کے شکار افراد کی تعداد 7 لاکھ 41 ہزار سے بڑھ گئی، اب تک ایک لاکھ 56 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے جبکہ 5 لاکھ 49 ہزار سے زائد متاثرین اب بھی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، پانچ فیصد سے زائد تقریباً ساڑھے 28 ہزار مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، دنیا بھر میں ہر دس لاکھ میں 95.2 افراد متاثر اور 4.5 ہلاک ہورہے ہیں۔

دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ایک دن میں مرنیوالوں کی تعداد میں روزانہ اضافہ ہوتا جارہا ہے، پیر (30 مارچ 2020ء) کو مزید 1273 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں، یورپ میں اموات تیزی سے بڑھ رہی ہیں، جہاں آج تقریباً ایک ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 10 ہزار سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستانی وقت کے مطابق آج (8 بجے رات تک) اسپین میں 537، برطانیہ میں 187، امریکا میں 18، ایران میں 117، نیدر لینڈز 93، بیلجیئم 83، سوئٹزر لینڈ 33، آسٹریا 22، پرتگال 21، سویڈن 36 اور جرمنی میں 19 مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔

چین کے شہر ووہان میں رواں سال 22 جنوری کو پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی تھی، جس کے بعد سے دنیا بھر کے تقریباً 200 ممالک میں یہ مرض پھیل چکا ہے، اب تک سب سے زیادہ اٹلی میں 10 ہزار 779، اسپین 7 ہزار 340، چین میں 3034، ایران میں 2757، فرانس 2606 اور امریکا میں 2600 ہلاکتیں رپورٹ ہوچکی ہیں، برطانیہ 1415، نیدر لینڈز میں 864، بیلجیئم 513، سوئٹزر میں 333 افراد موت کا شکار ہوچکے ہیں۔

چین میں صورتحال میں روز بروز بہتری نظر آرہی ہے، جہاں آج صرف 4 ہلاکتیں اور 31 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، پیر کو انڈونیشیا میں 8، فلپائن 7، جنوبی کوریا، پاکستان چھ 6، ناروے، ڈنمارک پانچ 5، برازیل، پولینڈ، میکسیکو چار 4، ڈومینیکن ری پبلک، سربیا، مراکش، رومانیہ، سان مرینو، بولیویا تین 3، نائیجر، تائیوان بوسنیا اینڈ ہرزیگوینیا، ہنگری، متحدہ عرب امارات، ارجنٹینا، بھارت، یونان، فن لینڈ، تھائی لینڈ اور ملائیشیا دو 2، سوڈان، سینٹ مارٹن، مالی، سری لنکا، البانیہ، اردن، شمالی مقدونیہ، لبنان، یوکرین، روش، لکسمبرگ، چلی، چیچیا اور اسرائیل میں ایک ایک کرونا وائرس کا مریض انتقال کر گیا۔

پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1650 سے تجاوز کر چکی ہے، اب تک یہاں 20 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، 50 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ ملک بھر میں قائم قرنطینہ اور آئسولیشن سینٹرز میں اب بھی ہزاروں مشتبہ مریض موجود ہیں، جن میں اکثریت ایران سے آنیوالے زائرین کی ہے۔

Facebook Comments
Share Button