تازہ ترین

GB News

بھارت کو ایک اور سفارتی ہزیمت، امریکہ نے بی ایل اے کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا

Share Button

امریکی محکمہ خارجہ نے بلوچستان لبریشن آرمی کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا۔امریکی سینٹرل کمانڈ(سینٹکام)کے اردو آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ پر جاری کردہ ویڈیو پیغام میں ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے اہم اعلان کیے جارہے ہیں، امریکا کے محکمہ خارجہ نے بلوچستان لبریشن آرمی)بی ایل اے (کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ بی ایل اے نے کراچی میں چینی قونصلیٹ اور گوادر کے پرل کانٹینیٹل ہوٹل پر حملوں سمیت پاکستان کے سیکیورٹی اداروں اور شہریوں کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں کی ذمے داری قبول کی ہے۔ امریکا پاکستان اور جنوبی ایشیا کی سلامتی اور استحکام کا حامی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج کے اس اعلان کا مقصد بی ایل اے کو مستقبل میں دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل درآمد سے روکنا ہے۔ اس کے علاوہ یہ اقدام عالمی سطح پر دہشت گردی کی روک تھام کے لیے امریکی حکومت کی کاوشوں کے لیے بھی مددگار ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ اس اعلان کے بعد بی ایل اے کی معاونت کو دہشت گردی کی معاونت قرار دیا جائے گا، یہ تنظیم پہلے اپنی دہشت گردانہ کارروائیوں کے باعث پاکستان میں کالعدم قرار دی جاچکی ہے۔عالمی مبصرین امریکہ کے فیصلے کو بھارت کی بڑی سفارتی شکست قرار دے رہے ہیں کیونکہ بھارت کی اہم شخصیات بلوچستان میں مداخلت کا کھلم کھلا اعتراف کرتی رہی ہیں چندروز قبل بھی بھارتی فوج کے ایک سابق افسر نے میڈیا کے سامنے بلوچستان میں دہشت گردوں سے رابطوں کا واضح اعتراف کیا تھا،بھارتی فوجی افسر کا کہنا تھا کہ اس کے بلوچستان میں سرگرم دہشت گردوں سے رابطے ہیں اور ہم مقبوضہ کشمیر میںہونے والے واقعات کا بدلہ بلوچستان میں لیں گے۔

Facebook Comments
Share Button