تازہ ترین

GB News

سپریم کورٹ کی ملک بھرمیں شاپنگ مالز کھولنے کی ہدایت

Share Button

سپریم کورٹ نے ملک بھر میں شاپنگ مالز کھولنے کی ہدایت کرتے ہوئے کمشنر کراچی کو شہر میں دکانیں اور مارکیٹس سیل کرنے سے روک دیا۔

پیر 18 مئی کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کرونا وائرس از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے ہدایت کہ عید کے موقع پر ہفتہ اور اتوار بھی مارکیٹس بند نہ کی جائیں۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ تاجروں سے بدتمیزی کرنی ہے اور نہ رشوت لینی ہے جبکہ دکانیں سیل کرنے کے بجائے ایس او پیز پر عمل کرائیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جو دکانیں سیل کی گئی ہیں انہیں بھی کھول دیں، ایسا نہ ہو چھوٹے تاجرکرونا کے بجائے بھوک سے ہی مر جائیں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ جن چھوٹی مارکیٹس کو کھولا گیا وہ کون سی ہیں؟ کیا زینب مارکیٹ اور راجہ بازار چھوٹی مارکیٹس ہیں؟ کیا طارق روڈ اور صدر کا شمار بھی چھوٹی مارکیٹس میں ہوتا ہے؟

ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے موقف اپنایا کہ شاپنگ مالز کے علاوہ تمام مارکیٹس کھلی ہیں، مالز میں 70 فیصد لوگ تفریح کےلیے جاتے ہیں۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ شاپنگ مالز کو بند رکھنے کی کیا منطق ہے؟ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سندھ حکومت قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی تعمیل کرتی ہے اس لیے پنجاب اور اسلام آباد میں مالز کھولنا قومی رابطہ کمیٹی فیصلوں کے برعکس ہوگا۔

دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے شاپنگ مالز کھولنے کی یقین دہانی کرا دی۔

Facebook Comments
Share Button