تازہ ترین

GB News

شہباز شریف کو بیرون ملک نہیں جانے دیں گے ،وفاقی حکومت

Share Button

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی)وفاقی حکومت نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ شہباز شریف کو بیرون ملک نہیں جانے دیں گے چینی بحران پر تحقیقاتی رپورٹ عید سے پہلے آجائے گی ،وزیراعظم نے قومی قیادت کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائر س کی وبا پر سیاست نہ کی جائے،لاک ڈائون اور کاروبار کھولنے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا،تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدار ت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کرونا وائرس کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لیا گیا۔ مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے وزیراعظم کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلوں پر من وعن عملدرآمد یقینی بنائے گی۔وفاقی کابینہ اجلاس میں صوبوں میں پانی کی منصفانہ تقسیم کیلئے ٹیلی میٹرز نصب کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ٹڈی دل کے بڑھتے خطرات پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس سے نمٹنے کیلئے حکومت پوری طرح مستعد ہے۔ ہم نے فوری اور بروقت اقدامات شروع کر دیئے تھے۔ انہوں نے قومی قیادت کو پیغام دیا کہ وباؤں کے معاملے پر سیاست نہ کی جائے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایس ای سی پی پالیسی بورڈ چیئرمین کو تعینات کی منظوری جبکہ فیڈرل کنسولیڈیشن فنڈ اور پبلک اکاؤنٹس کی کسٹڈی اور آپریشنز کی سمری موخر کر دی گئی۔اس کے علاوہ ہیلتھ کیئر اتھارٹی بورڈ ممبران کی نامزدگی اور ملک کے بڑے ایئرپورٹس آؤٹ سورس کرنے کے معاملے پر بحث کی گئی۔ کابینہ نے پاکستان سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج پالیسی بورڈ کی تقرری کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں اسلام آباد ہیلتھ کیئر ایکٹ کے تحت بورڈ ممبران اور ممبر بجٹ کمیٹی تعیناتی کی بھی منظوری دے دی گئی۔اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ چینی کے بحران پر بنائے گئے تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ عید سے پہلے آجائے گی اس کے لیے کابینہ کا خصوصی اجلاس بھی بلا سکتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے پر وزیر اعظم نے کابینہ میں متعلقہ وزارتوں سے جواب طلب کیا۔ وزیر اعظم نے ڈیٹا نہ فراہم کرنے والی وزارتوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایک ہفتے میں فہرست فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 638 غیر قانونی بھرتیوں کی نشان دہی ہوئی۔ یہ ملازمتیں اگست 2016 سے آگے کی ہیں۔ 27 وزارتوں نے تفصیلات فراہم کر دی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس میں ائیر پورٹ کو آوئٹ سورس کرنے کا معاملہ بھی زیر غور آیا یہ اقدام ہوائی اڈوں کو عالمی سطح پر لانے کے لیے کیا جارہا ہے۔ اس فیصلے سے ہوائی اڈوں کے ملازمین کو کوئی خطرہ نہیں بلکہ مزید روزگار کے مواقع پیدا ہونے کا امکان ہے آئوٹ سورس کے حوالے سے قانونی معاملات 30جون تک حل کرلئے جائیں گے،اس کے لئے وفاقی وزیر سرور خان کی سربراہی میں کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں مشیر تجارت اور دیگر شامل ہیں۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیر اعظم نے جن وزارتوں کے میڈیا واجبات ہیں انھیں عید سے قبل مکمل ادائیگی کی ہدایت کی ہے۔ یہ اقدام میڈیا ورکرز کی تنخواہوں اور واجبات کو یقینی بنانے کیلئے کیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے سوالوں کاجواب دینے کے بجائے الیکشن کامطالبہ کردیا جس پرافسوس ہے۔ وہ سوالوں کے جوابات سے گھبراکرایسی بات کررہے ہیں ایسی صورت حال میں کسی لیڈر کو ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں وہ احتساب سے بھاگ رہے ہیں جو نامناسب ہیں۔شہباز شریف احتساب سے فرار چاہتے ہیں، اس مرتبہ بھاگنے نہیں دیں گے، لیگی صدر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا معاملہ زیر غور ہے۔ انھیں اب ملک سے باہر نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شوگر، ادویات سکینڈلز اور شہباز شریف کے معاملے میں کوئی مماثلت نہیں ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں اسلام آباد ہیلتھ کیئر کمیشن کے بورڈ ارکان اور ایل او سی پر بسنے والے شہریوں کیلئے خصوصی پیکج کی منظوری دی گئی آزاد کشمیر کو آدھی قیمت پر گندم فروخت کی جائے گی جبکہ زرعی شعبے کو 50 ارب روپے کاپیکیج دیا گیا۔مقامی ٹریکٹر ز کیلئے ڈھائی ارب کی سبسڈی رکھی گئی ہے.انٹرسٹ شیئرنگ کیلئے 8.8 اور کپاس کی ادویات کیلئے 6 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔زرعی شعبے کو کھاد کی مد میں 7 ارب روپے کی سبسڈی دی گی ہے۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 13 مئی اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی ،وزیر اعظم نے ارسا کے ممبران کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور فیصلہ کیا گیا کہ ارسا میں قابل لوگ لائے جائیں کیونکہ ایک خاص گروپ کیوجہ سے معاملات آگے نہیں بڑھ سکے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر ارسا میں سندھ، پنجاب اور وفاق کے ممبران کی کارکردگی کی بنا پر ان کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا گیا۔ ملک میں پانی کی تقسیم کے لیے ٹیلی میٹر کی تنصیب پر بھی غور کیا گیا۔ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن میں ایس مسعود اختر نقوی کو چیئرمین بنایا گیا، سابقہ چیئرمین خالد مرزا کو ممبر بورڈ بنایا گیا۔

Facebook Comments
Share Button