تازہ ترین

GB News

کرونا وائرس سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے،وزیر اعلیٰ

Share Button

گلگت (پ ر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ کورونا ہسپتال محمد آباد میں تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تکنیکی ماہرین اور سپیشلسٹ کی ٹیم دورہ کرے اور تین دنوں میں تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے۔ عوام غیر ضروری طو رپر بازاروں کا رخ نہ کریں۔ انتظامیہ اور پولیس کیساتھ تعاون کریں۔ محکمہ صحت کے ہدایت نامے کے مطابق کرونا وائرس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ گلگت میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہاہے۔ عوام اپنی ذمہ داری کا احساس کریں۔ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ کرونا وائرس سے بچائو کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کرونا وائرس سے بچائو اور روک تھام کیلئے تمام اقدامات صوبائی حکومت اپنے وسائل سے کررہی ہے۔ مستحقین کو راشن بھی حکومت اپنے ہی وسائل سے فراہم کررہی ہے۔ وفاقی حکومت نے کرونا وائرس سے متعلق آپریشنل اخراجات کیلئے حکومت گلگت بلتستان کی کسی قسم کی مدد نہیں کی ہے اور کوئی رقم فراہم نہیں کی ہے۔ وفاقی حکومت کو دو ارب کی ڈیمانڈ بجھوائی گئی تھی لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے یقین دہانی کے باوجود حکومت گلگت بلتستان کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کرونا وائرس کے مریضوں کے ہوم آئسولیشن کے حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے کمیونٹی سے تحریری ضمانت لی جائے۔ جن کرونا وائرس کے مریضوں کو ہوم آئسولیشن کرایا جائے گا وہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔تمام متعلقہ سٹاف کو پی پی ایز کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں سیکورٹی کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔ چاند رات کے موقع پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ عیدگاہوں اور مساجد میں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ کرونا وائرس مزید نہ پھیلے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا صورتحال کے پیش نظر عید سادگی سے اپنے گھروں میں ہی منائی جائے اسی لئے وزیر اعلیٰ ہائوس سمیت سرکاری سطح پر ہونے والی عید ملن تقریبات منسوخ کردی گئی ہیں۔ صوبے میں سرکاری سطح پر کوئی عید ملن کا پروگرام نہیں ہوگا۔

Facebook Comments
Share Button