تازہ ترین

GB News

نیب اختر رضوی کیخلاف کیس کے معاملے پر نظرثانی کرے، اشرف صدا

Share Button

سکردو (پ ر)صوبائی ترجمان مسلم لیگ ن گلگت بلتستان و چیئرمین قائمہ کمیٹی گلگت بلتستان کونسل اشرف صدا نے کہا ہے کروڑوں مالیت کی زمین نہایت ہی قلیل معاوضے کے عوض مفاد عامہ کیلئے دینے پر حلقہ نمبر 1 اور 2 کے عوام سید اختر رضوی اور ان کے خاندان کے شکر گزار ہیں۔ عوامی مفاد کی اس سڑک کی تعمیر سے سکمیدان، نیورنگاہ ، یادگار ایریا اور دیگر ملحقہ محلہ جات کو کئی دہائیوں سے درپیش ٹریفک مسائل کا خاتمہ ہوا ہے ۔ عوامی مفاد کی سڑک کا مطالبہ وزیر اعلیٰ کے دورہ ہرگسہ نالہ کے دوران متاثرین علاقہ نے کیا تھا اور اس عوام دوست منصوبے کے سبب سید اختر رضوی پر نیب کا کیس سنجیدہ اور عوام دوست طبقات کی سمجھ سے باہر اقدام ہے ۔ سید اختر رضوی گلگت بلتستان کے ایک نہایت ہی قابل عوام دوست اور ایماندار آفیسر ہے ۔ مفاد عامہ کیلئے اپنے خاندان کی زمین سے قلیل معاوضے پر سڑک واگزار کرانے پر ان کے خلاف مقدمہ قائم ہونے سے علاقے کے عوام میں سخت تشویش پیدا ہوئی ہے۔ شہر کے وسط میں موجود زمین کی اس وقت فی کنال قیمت کروڑوں میں ہے جبکہ عوامی مفاد اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے سید اختر رضوی ،ان کے والدگرامی اور بھائیوں نے نہایت ہی کم معاوضے کے بدلے سڑک بنانے کی اجازت دیکر عوام کیلئے بہت بڑی قربانی دی ہے۔ ہم نیب گلگت بلتستان سے درخواست کرتے ہیں کہ اس معاملے پر نظرثانی کریں تاکہ گلگت بلتستان کے ہونہار اور قابل سپوت کے ساتھ کسی کی ذاتی عناد و بغض کی وجہ سے زیادتی نہ ہو۔ اشرف صدا نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن بلاتفریق احتساب پر یقین رکھتی ہے تاہم ہم احتساب کے نام پر کسی سیاسی فرد یا کسی شخصیت کی جانب سے بدنیتی ، ذاتی بغض و عناد کا اظہار کرتے ہوئے ذاتی انا کی تسکین کیلئے کسی بھی باعزت اور ایماندار آفیسر کے ساتھ بدنیتی کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاسکتی۔

Facebook Comments
Share Button