تازہ ترین

GB News

قومی اسمبلی اجلاس : بجٹ اور پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

Share Button

اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی اجلاس میں وفاقی وزیر علی زیدی کی جانب سے پیپلزپارٹی کی قیادت پر دہشت گردی کے الزامات پر شدید ہنگامہ ہوگیا،نوید قمر طیش میں آگئے اور کوٹ اتارتے ہوئے کہا کہ آئو لڑلیتے ہیں،پیپلزپارٹی کے ارکان نے سپیکر ڈائس کا گھیرائو کیا اور شدید احتجاج کیااپوزیشن نے پارلیمنٹ کے باہر بجٹ اور پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اپوزیشن کا کہنا تھا کہ حکومت اکثریت کھوچکی ہے وزیراعظم ایوان سے اعتماد کا ووٹ لیں،منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیرعلی زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عذیر بلوچ اور نثار مورائی کی جے آئی ٹیز بتاتی ہیں کہ ان سب جرائم کے سرپرست زرداری تھے،نثار مورائی کو فریال تالپور نے تعینات کرایا تھا،عبدالقادر پٹیل بھی ان سے رابطے میں تھے،انھوں نے کہا کہ سعیدغنی کے بھائی منشیات فروشوں کے سہولت کار ہیں،پاکستان میں میں دہشت گردی الذوالفقار لائی جس نے طیارہ اغوا کیا،بتایا جائے خالد شہنشاہ،بلال شیخ،بے نظیر اور مرتضیٰ بھٹو کا قاتل کون ہے؟اس موقع پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا اور سپیکر ڈائس کا گھیرائو کرلیا،سپیکر نے علی زیدی کا مائیک بند کیا تو حکومتی ارکان بھی سپیکر ڈائس کے گرد جمع ہوگئے او ر مطالبہ کیا کہ علی زیدی کو بات مکمل کرنے کا موقع دیا جائے،سپیکر نے علی زیدی کو بات مکمل کرنے کے لئے دومنٹ دیئے جس کے بعد عبدالقادر پٹیل کو مائیک دیا تو انھوں نے سیتا وائٹ کیس اٹھادیا جس پر سپیکر نے پٹیل کا مائیک بند کردیاجس پر اپوزیشن واک آئوٹ کرگئی،واک آئوٹ کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے ارکان قومی اسمبلی نے بجٹ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ ہائوس کے باہر شاہراہ دستور پر احتجاجی مظاہرہ کیا، اپوزیشن ارکان نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت مخالف نعرے درج تھے جبکہ اپوزیشن ارکان نے حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی،شاہد خاقان عباسی، نوید قمر،خواجہ آصف اور مفتی عبدالشکور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو چیلنج کرتے ہیں کہ اسمبلی میں آئیں اور اعتماد کا ووٹ لیکر دکھائیں، حکومت اور معیشت مفلوج ہے،حکومت اپنے اتحادیوں کا اعتماد کھو چکی ہے،پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے بجلی اوراشیاء خوردونوش کی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی،اس بجٹ کے بعد مہنگائی کا سیلاب آنے والا ہے، ایک وقت میں پٹرول کی قیمت 25 روپے بڑھا دینے کا کیا جواز ہے؟، آئی ایم ایف بجٹ عوام کے ساتھ ڈھونگ ہے اس سے مہنگائی بڑھے گی، متحدہ اپوزیشن اس بجٹ اور مافیا کو مسترد کرتی ہے، ہم عوام کی نمائندگی پارلیمنٹ،سڑکوں اور جیلوں میں بھی کریں گے۔

Facebook Comments
Share Button