تازہ ترین

GB News

تحریک انصاف کی دوسالہ بدترین حکومت کا احتساب گلگت بلتستان کے انتخابات سے ہوگا،بلاول بھٹو

Share Button

گلگت (بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور پیپلزپارٹی کا لازوال رشتہ روز اول سے قائم ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی ہے۔ تحریک انصاف کی دوسالہ بدترین حکومت کا احتساب گلگت بلتستان کے انتخابات سے ہوگا۔ جی بی کے عوام آئندہ انتخابات کو تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کیخلاف ریفرنڈم ثابت کریں گے۔ وفاقیحکومت نے کرونا کی عالمی وباء میں گلگت بلتستان کو تنہا چھوڑدیا ہے جس کی وجہ سے آج جی بی میں صحت سہولیات ناپید ہوچکی ہیں۔ پیپلز پارٹی کسی کیلئے میدان خالی نہیں چھوڑے گی بلکہ تمام ایس او پیز کے مطابق انتخابی مہم چلائے گی۔ پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم کی خود قیادت کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار بلاول بھٹو زرداری نے جی بی کے پارٹی رہنماؤں کے ساتھ آمدہ انتخابات کے حوالے سے منعقدہ ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ویڈیو لنک اجلاس میں صوبائی صدر پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ، سابق وزیراعلی مہدی شاہ، صوبائی جنرل سیکریٹری انجینئر اسماعیل سیکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش، محمد موسی، سابق سینئر صوبائی وزیر محمد جعفر، محمد علی اختر، عمران ندیم، علی مدد شیر، ایوب شاہ، عباس موسوی، شمس الدین، عتیق ایڈووکیٹ، بشیر احمد، آفتاب حیدر، آغا محمد علی شاہ ودیگر شریک تھے۔ اجلاس میں مرکزی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو گلگت بلتستان کی قیادت نے علاقے کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بریفنگ دی۔بلاول بھٹو زرداری کو گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کو قابو پانے میں حکومتی نااہلی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پارٹی ٹکٹ ہولڈرز نے اپنے اپنے حلقہ انتخاب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ وباء کے دنوں میں سندھ کے انتخابی حلقوں میں ضمنی انتخابات نہیں ہورہے جبکہ گلگت بلتستان کے 24 حلقوں میں انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے جس سے وفاقی حکومت کی اس علاقے کے ساتھ دلچسپی اور ہمدردی کا اظہار ہورہا ہے جو باعث حیرت ہے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود گلگت بلتستان میں انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ پارٹی امیدوار سماجی فاصلے کی ایس او پیز کو اختیار کرتے ہوئے انتخابی مہم چلائیں۔ گلگت بلتستان میں شکست سے عمران خان اور پی ٹی آئی حکومت کے احتساب کا آغاز ہوگا۔ پاکستان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کا الیکشن جیتے گی۔ گزشتہ انتخابات میں ہونے والی بدترین دھاندلی کا جواب دے گی۔انہوں نے پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی تنظیم کی کارکردگی قابل تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سوائے پیپلزپارٹی کے کسی اور جماعت کے پاس یونین کونسل اور محلوں کی سطح تک کارکن اور تنظیم نہیں ہے۔پیپلزپارٹی اور گلگت بلتستان کا بہت مضبوط رشتہ ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کا دفاع ہمیشہ کی طرح صرف پیپلزپارٹی کرے گی اور بھرپور طریقے سے تمام حفاظتی اقدامات کے ساتھ الیکشن لڑیں گے۔ تحریک انصاف کے پاس گراس روٹ لیول پر عوام کی سپورٹ نہیں ہے اس لئے وہ دھاندلی کے ذریعے جیتنے کی کوشش کریں گے۔ لیکن پیپلزپارٹی ایسی کسی بھی قسم کی سازش کو شکست دی گی۔ اس وقت اس بات کی ضرورت ہے کہ گلگت بلتستان میں صاف شفاف الیکشن ہوں تاکہ عوام کے اصل نمائندے اسمبلی میں پہنچ کر صحیح معنوں میں عوامی نمائندگی کریں۔پیپلزپارٹی پارٹی نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے لئے امیدواروں سے ٹکٹ کی درخواستیں بھی طلب کر لی ہیں۔

Facebook Comments
Share Button