تازہ ترین

GB News

پی ٹی آئی نے مرکز میں کونسا تیر مارا ہے جو گلگت بلتستان میں دودھ اور شہد کی نہریں بہا دیں گے،جعفر اللہ خان

Share Button

گلگت (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) نامزد امیدوار جعفر اللہ خان نے کہا ہے کہ پیشہ ور لوٹے اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ لوگ عمران خان کی شکل دیکھ کر ووٹ دینگے۔ پی ٹی آئی نے مرکز میں کونسا تیر مارا ہے جو گلگت بلتستان میں دودھ اور شہد کی نہریں بہا دیں گے۔الیکشن کمیشن آفس کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر اقبال نے تو ایک ٹکٹ کے لئے گلگت بلتستان کی قدیم روایات کا بھی جنازہ نکال دیا، پارٹی اختلافات اپنی جگہ مسلم لیگ (ن) نے شاہ صاحب کی وفات پر تین دن سوگ کا اعلان کرتے ہوئے الیکشن کمپئین بند کرکے اعلی ظرفی کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں نہ صرف گلگت بلتستان میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے بلکہ علاقہ صحیح معنوں میں امن کا گہوارہ بن گیا جس کے باعث ہر سال 15 لاکھ سے زائد سیاح گلگت بلتستان آئے اور ہوٹل انڈسٹری کو ترقی ملی، مسلم لیگ کی حکومت نے ہی جی بی بھر کے 20 ہزار سے زائد غریب ملازمین کو ریگولر کیا، تقریباً 18 ہزار ملازمین کو اپ گریڈ کیا، علاقہ بھر میں سکولوں، کالجوں اور صحت کے مراکز کا جال بچھا دیا، غریب لوگوں کو مقامی سطح پر ہی بہترین طبی سہولیات فراہم کی۔ ہزاروں بیروزگاروں کو روزگار دیا، ہزاروں غریب گھرانوں میں ہیلتھ کارڈز تقسیم کئے، سڑکوں، پلوں، بجلی کے منصوبوں ودیگر میگا پروجیکٹس کے جال بچھائے ہیں تو عوام اتنے بھی احسان فراموش نہیں کہ اصل خدمت گاروں کو چھوڑ کر جھوٹے دعویداروں اور جھوٹی تبدیلی کے نوسربازوں کو ووٹ دیں گے۔ انشائ 15 نومبر مسلم لیگ ن کی فتح کا دن ہوگا اور ایک بار پھر منتخب ہوکر تعمیر وترقی کے عمل کو مزید آگے بڑھائیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع گلگت کے صدر حاجی عابد علی بیگ، ضلعی جنرل سیکرٹری ریاض احمد خان اور علمائ ومشائخ ونگ کے صدر مولانا محمد نادر اشرفی نے کہا کہ پی ٹی آئی والے عوام میں یہ غلط فہمی پیدا نہ کریں کہ انہیں پاکستان کے ایک معتبر معزز ادارے کے ذمہ داران الیکشن میں سپورٹ کرکے لا رہے۔ پاک فوج قومی ادارہ ہے اسے جان بوجھ کر متنازعہ نہ بنایا جائے، پاکستان مسلم لیگ ن کا بچہ بچہ پاک فوج کا شیدائی اور محب وطن ہے اور پاک فوج کے ہر بہادر جوان کو سلام پیش کرتے ہیں۔

Facebook Comments
Share Button