کشمیر سپر لیگ، جی بی کے 6 کھلاڑیوں کو شامل کرنے کا اعلان

گلگت(پ ر)گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی بار کرکٹ کے میدان میں ایک بڑا اور تاریخی قدم اٹھایا گیا ہے۔ کشمیر لیگ (KSL) نے گلگت بلتستان کے نوجوان کرکٹرز کو بین الاقوامی لیجنڈری کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا سنہری موقع فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اعلان نے خطے کے نوجوانوں میں جوش و خروش کی نئی لہر دوڑا دی ہے۔کشمیر سپریم لیگ کے چیئرمین مسعود احمد خان کے مطابق، گلگت بلتستان سے چھ باصلاحیت نوجوانوں کو لیگ کا حصہ بنایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے “مارخور سپر لیگ” کے اشتراک سے خصوصی ٹیلنٹ ہنٹنگ ٹرائلز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن کے ذریعے باصلاحیت کھلاڑیوں کو چن کر قومی سطح پر متعارف کرایا جائے گا۔اس سلسلے میں ایک اور اہم پیش رفت یہ ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کے بڑے نام، جیسے شاہد آفریدی، وسیم اکرم اور دیگر اسٹار لیجنڈز گلگت بلتستان کا دورہ کر رہے ہیں، جو نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ براہ راست ملاقات کریں گے بلکہ کل گلگت کے سٹی پارک میں ہونے والے ٹرائلز کی نگرانی بھی کریں گے۔حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے اس اقدام کو بھرپور حمایت حاصل ہے۔ حکومتی ترجمان فیض اللہ فراق نے ایک اہم پریس کانفرنس میں کشمیر سپریم لیگ کی ٹیم اور تمام آنے والے لیجنڈری کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا:”یہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا لمحہ ہے۔ ہم کشمیر سپریم لیگ اور مارخور سپر لیگ کے شکر گزار ہیں جو 75 سالہ سپورٹس محرومیوں کا ازالہ کر رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ یہ تاریخی موقع کامیاب بن سکے۔”انہوں نے مزید کہا کہ حکومت گلگت بلتستان ان تمام کھلاڑیوں اور منتظمین کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی تاکہ خطے کے نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا موقع ملے۔یہ پیش رفت نہ صرف کھیلوں کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگی بلکہ گلگت بلتستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کا ایک بہترین ذریعہ بھی بنے گی۔ کشمیر سپریم لیگ اور مارخور سپر لیگ کی یہ مشترکہ کاوش بلاشبہ گلگت بلتستان کے کرکٹ کے شوقین نوجوانوں کے لیے ایک تاریخی سنگ بنیاد ہے، جسے خطے کے عوام کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں