گلگت بلتستان میں چینی سرمایہ کاری کی راہ ہموار

سکردو(محمد اسحاق جلال)ہمسایہ ملک چین میں ” بارڈر ٹریڈ زون چائنا “کے تعاون سے تین روزہ سرمایہ کاری کانفرنس منعقد ہوئی جس میں گلگت بلتستان کی نمائندگی گلگت بلتستان چیمبر آف کامرس کے عہدیداران نے کی کانفرنس میں گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کے چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں نے شرکت کی صوبائی وزرا دلشاد بانو ثریا زمان بھی سرمایہ کاری کانفرنس میں شریک ہوئیں چیمبر آف کامرس کے عہدیداران اشرف حسین محمد رازق میر نواز صداقت حسین عذرا بتول ارمان شاہ نعمان شگری، کاچو اشرف حسین محمد عباس نمبردار نے بھی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کی ،3 روزہ کانفرنس کے اختتام پر دونوں ملکوں کے تاجروں کے مابین مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے اور طے پایا گیا کہ گلگت بلتستان میں بہت جلد چینی سرمایہ کار مختلف سیکٹرز میں انویسٹمنٹ کریں گے گورنمنٹ آف چائنا نے بارڈر پر رہنے والے لوگوں کے معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے بارڈر ٹریڈ زون کمپنی بنائی ہے ، جس کے تحت چائنہ بارڈر پر رہنے والے لوگوں کے ذریعے امپورٹ و ایکسپورٹ کرنے پر ٹیکس میں مکمل چھوٹ دی جائے گی ،اسی سلسلے میں بارڈر ٹریڈ زون کے چیئرمین مسٹر چن نے چائنا بھر سے مختلف انوسٹرز کی میٹنگ گلگت بلتستان کے وفود سے کرائی ہے جس میں مختلف پوٹینشل سیکٹرز کی نشاندہی کی گئی۔چائنیز انوسٹرز گلگت بلتستان میں انویسٹمنٹ کرنے کے لئے بے تاب دکھائی دئیے ابتدائی مرحلے میں فوری طور پر کام کرنے کے لئے اہم نوعیت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے جس کی مالیت اربوں روپے بنتی ہے ساتھ ہی تاشغورغن میں تمام چیمبر آف کامرس کو دکان اور رہائش کی سہولت بھی دی جائے گی چیمبر آف کامرس کے نمائندوں نے حکومت پاکستان سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ بھی چائنا گورنمنٹ کی طرح گلگت بلتستان کے انوسٹرز کو ٹیکس میں چھوٹ دے تاکہ گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کو جدید خطوط پر استوار کیا جاسکے اور حکومتی سطح پر چائینز انوسٹرز کو پاکستان خاص کر گلگت بلتستان میں انویسٹمنٹ کے لئے مدعو کیا جائے۔ کانفرنس میں طے پایا کہ ہر سال گلگت بلتستان کے چیمبرز اور چائنا کے انویسٹرز کی 4 میٹنگز ہوں گی جس میں سے دو اجلاس چین میں اور دو گلگت بلتستان میں ہوں گے، اسی سلسلے کی اگلی کانفرنس ہنزہ میں ہو گی ، چیمبر آف کامرس سکردو کے صدر اشرف حسین اور معروف تاجر عباس نمبردار نے کے پی این سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین میں منعقدہ تین روزہ سرمایہ کاری کانفرنس کے دوررس نتائج سامنے آئیں گے گلگت بلتستان میں بڑے چینی سرمایہ کار آئیں گے چین جانے والے گلگت بلتستان کے تاجروں کو رہائش اور کاروباری مواقع ملیں گے آئندہ آنے والے وقتوں میں گلگت بلتستان میں نئی سرمایہ شروع ہوگی جس سے یہاں کی معیشت اوپر اٹھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں