اسلام آباد(آئی این پی )متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور متحدہ عرب امارات(یو اے ای ) کے درمیان مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دستخط ہو گئے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ یو اے ای نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر یادداشتوں پر دستخط کئے گئے، دونوں ممالک کے نائب وزرائے اعظم کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ بھی ہوا۔ اماراتی نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے دفتر خارجہ کا دورہ کیا۔ جہاں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر قومی ورثہ ثقافت ڈویژن اور وزارت ثقافت یو اے ای کے درمیان ثقافتی تعاون کی یادداشت پر دستخط کئے گئے، خارجہ وزارتوں کے درمیان قونصلر امور کیلئے مشترکہ کمیٹی کے قیام پر تعاون کی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔اس کے علاوہ یو اے ای پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کے قیام کیلئے تعاون کی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے، یہ معاہدہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اور یو اے ای ایوان صنعت و تجارت کے درمیان طے پایا۔اس موقع پرنائب وزیراعظم یو اے ای شیخ عبداللہ زیدالنیہان نے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے عوام تعلقات میں مزید پیش رفت دیکھنا چاہتے ہیں، اور میں اس بات پر زور دینا چاہتا ہوں کہ گزشتہ ایک یا دو سال میں چیزیں اس سے کہیں زیادہ تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔اماراتی رہنما نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ تجارت، سرمایہ کاری اور ہوا بازی سمیت بہت سے مختلف شعبوں میں یہ جذبہ تیزی سے فروغ پائے گا۔ قبل ازیں یو اے ای کے نائب وزیراعظم شیخ عبداللہ بن زاید النہیان دفتر خارجہ پہنچے جہاں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مرکزی دروازے پر معزز مہمان کا استقبال کیا، دونوں رہنماں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے یو اے ای ہم منصب سے اپنے وفد کا تعارف کرایا۔اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے اعزاز میں دفتر خارجہ میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ معزز مہمان کو اپنے گھر آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، خواہش ہے کہ آپ کا دورہ پاکستان مفید ثابت ہو، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، ہم بہت سے منصوبوں پر مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔یو اے ای کے نائب وزیراعظم شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کہا کہ پر تپاک استقبال پر نائب وزیراعظم پاکستان اسحاق ڈار کا شکر گزار ہوں، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے، پاکستان کے لوگ یو ای اے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرماری کاری سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوگی۔خیال رہے کہ یو اے ای کے نائب وزیراعظم شیخ عبداللہ بن زاید النہیان 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان میں ہیں
پاکستان کیساتھ سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں، شیخ عبداللہ بن زید النہیان
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
