اسلام آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے گئے میزائل حملوں کو شرمناک قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ انہیں پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کا علم ہے اور بھارت کے حملے قابل مذمت ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان کے پانچ مختلف مقامات — کوٹلی، احمدپور شرقیہ، مظفرآباد، باغ اور مریدکے — پر میزائل داغے، جن میں شہری آبادی اور مساجد کو نشانہ بنایا گیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ احمدپور شرقیہ (بہاولپور) میں مسجد سبحان اللہ پر میزائل گرا، جس میں نہتے شہریوں کو بزدلانہ انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
حملوں کے بعد پاکستان نے اپنی فضائی حدود فوری طور پر بند کر دی، اور تمام اندرون و بیرون ملک پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ایوی ایشن حکام کے مطابق ایئراسپیس 48 گھنٹوں کے لیے بند کی گئی ہے اور اس سلسلے میں نوٹم (NOTAM) جاری کر دیا گیا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ حکام نے شہریوں سے پرامن رہنے اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی اپیل کی ہے۔