وزیراعظم نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کا پیامبر قرار دے دیا

اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعظم شہباز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کا پیامبر قرار دے دیا اور جنگ بندی میں امریکی صدر کا کردار دل سے سراہا۔تفصیلات کے مطابق امریکی سفارتخانے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاک بھارت جنگ بندی میں امریکی صدر کا کردار دل سے سراہتے ہیں، صدر ٹرمپ نے ثابت کیا کہ وہ امن کے پیامبر ہیں۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ، امن کے فروغ، اقتصادی روابط میں اضافے کے لیے صدرٹرمپ کی کوشش قابل ستائش ہے، پاک بھارت کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کے لیے دوست ملکوں کے بھی شکر گزار ہیں۔انھوں نے کہا پہلگام واقعے پر بھارت دنیا کو کوئی ٹھوس ثبوت نہ دے سکا،عالمی سطح پرتحقیقات کی پیش کش پرجارحیت سے جواب دیا گیا۔شہباز شریف نے بتایا کہ بھارتی حملوں میں بچوں،بزرگوں سمیت تینتیس پاکستانی شہیدہوئے، ہم نے صرف اپنے دفاع میں چھے بھارتی طیارے گرائے، اس وقت امریکی دوستوں نے کہاکہ اب سیز فائر ہونا چاہیے،میں نے جواب دیا کہ ہم سب امن چاہتے ہیں۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہماری توجہ معیشت کو مضبوط بنانے پر ہے، امریکا کے ساتھ اقتصادی تعلقات بڑھانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، ٹیرف کے مسئلے سمیت تجارت میں اضافے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں