گلگت (سٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان افضل محمود بٹ نے کہا ہے کہ 2024 کا محرم گلگت بلتستان میں 1987 کے بعد سب سے پرامن محرم گزرا ہے۔ امید ہے کہ 2025 کا محرم بھی آپ تمام کی محنت اور کاوشوں کی سے پرامن اور بہتر گزرے گا۔ سنٹرل پولیس آفس میں ریجنل امن کمیٹی کے ممبران، علمائے کرام، سماجی رہنماں اور پولیس آفیسران سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس نے کہا کہ ہم پولیس کے مورال کو آپ کے تعاون سے بلند کریں گے۔ اس سے قبل پولیس ایک روایتی انداز میں کام کر رہی تھی کیونکہ اس وقت مائننگ، منرلز، اور سیاحت کا اتنا رجحان نہیں تھا گلگت بلتستان میں جرائم کی شرح بھی بہت کم تھی جی بی میں رابطے کا فقدان تھا لیکن اب خنجراب بارڈر سال بھر فعال رہتا ہے سی یپیک ہمارے درمیان سے گزر رہا ہے، خطے میں میگا پراجیکٹس پر کام ہو رہا ہے سیاحت فروغ پا رہی ہے، سی پیک اور دیگر اہم پراجیکٹس پر کام ہو رہا ہے یہ تمام عوامل ہمیں خبردار کرتے ہیں کہ ہمیں اپنی فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا، تاکہ فورس کے مورال کو بلند کیا جا سکے اور اسے مزید مثر بنایا جا سکے اور ہم اس پر بھرپور کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں گزشتہ 8 ماہ کے دوران 36 کلوگرام چرس برآمد کی گئی اور 86 ملزمان کو جیل بھیجا گیا۔ اس کے علاوہ 200 موٹر سائیکلیں، جو ملک کے دیگر صوبوں سے چوری کر کے یہاں لائی گئی تھیں، برآمد کی گئیں۔ ہمیں ایسا محسوس ہونے لگا تھا کہ گلگت بلتستان چوری شدہ موٹر سائیکلوں کا حب بنتا جا رہا ہے۔ اب اللہ کا شکر ہے کہ ان معاملات پر قابو پا لیا گیا ہے۔ آئی جی پولیس نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہمیں بین الاقوامی حالات کے تناظر میں بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار رہنا ہوگا۔ خطے میں جو موجودہ امن کی فضا قائم ہے، اسے برقرار رکھنے کے لیے ہمیں اتحاد، اتفاق، اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا۔ اجلاس میں شریک پیس کمیٹی کے اراکین، علمائے کرام، اور معززینِ علاقہ نے بھی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملکی و بین الاقوامی حالات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور علاقے میں امن و امان اور بھائی چارگی کے فروغ پر زور دیا اجلاس میں بنیان المرصوص کے دوران پاک فوج کی صلاحیتوں کو سراہا گیا اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ موجودہ بین الاقوامی حالات کے تناظر میں برادر ملک ایران کے حالات پر بھی گفتگو کی گئی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ملک میں موجود غداروں کی وجہ سے قیادت کو باآسانی نشانہ بنایا جا رہا ہے ہمیں بھی ایسے عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ منبر و محراب اور عوامی اجتماعات میں بین الاقوامی حالات کے تناظر میں اتفاق و اتحاد کا پیغام دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم ایک دوسرے کے مقدسات کا احترام کریں اور معمولی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملتِ اسلامیہ کے اتحاد کے لیے کام کریں۔ اجلاس میں معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ شیخ ناصر زمانی (صوبائی کوآرڈینیٹر)، مولانا خلیل قاسمی خطیب موتی مسجد گلگت، الواعظ ڈاکٹر عزیز علی دینار، محمد موسی (سیاسی و سماجی رہنما) سلطان گولڈن (سماجی و سیاسی رہنما)، اسلام الدین امام جامعہ علی آباد ہنزہ، علی حیدر چیئرمین انجمن امامیہ نگر، انجمن اور دیگر اضلاع سے آئے ہوئے علما و عمائدین اور پولیس آفیسران نے شرکت کی۔
پولیس فورس کو جدید خطوط پراستوار کرنا ہوگا، آئی جی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
