سکردو(پ ر)صوبائی ترجمان مسلم لیگ ن و سابق چیئرمین قائمہ کمیٹی گلگت بلتستان کونسل اشرف صدا نے میڈیا کو جاری کیے گئے اک بیان میں کہا ہے کہ حفیظ الرحمان گلگت بلتستان کے عوامی حقوق کا محافظ ہے۔ وفاقی حکومت کے منصوبوں کی پہرہ داری حفیظ الرحمان اور مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کی اولین ذمہ داری ہے۔ غواڑی پاور پراجیکٹ صاف و شفاف بڈنگ کے ذریعے تکمیل کو پہنچے گا۔اس بابت بلتستان کے عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ۔ ہم اپنے ریجنل مفادات کا تحفظ کرنا بخوبی جانتے ہیں ۔ اس پراجیکٹ کے حوالے سے حفیظ پر الزام تراشی بے بنیاد اور سیاسی پوائنٹ سکورنگ ہے انہوں نے کہا کہ ابھی مسلم لیگ ن نے گلگت بلتستان میں کھیلنا شروع ہی نہیں کیا اور ہر طرف سے چیخوں کی آواز آنے لگی ہیں۔اشرف صدا نے کہا کہ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام ایک جمہوری اور شریف النفس انسان ہیں اور ان کی تاحال گلگت بلتستان میں سیاسی و انتظامی مداخلت نہ ہونے کے برابر ہے ۔ اگر آج وفاق میں پیلپز پارٹی یا پی ٹی آئی کی حکومت ہوتی تو اس وقت گلگت بلتستان کے تمام فیصلے وزارت امور کشمیر سے ہورہے ہیں ۔علی امین گنڈاپور کی مداخلتوں کے قصے ابھی کل کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات اسی سال ہو یا اگلے سال مسلم لیگ ن گلگت بلتستان فیصلہ کن مقابلے کے لیے تیار ہے۔ اور ہماری جماعت گلگت بلتستان اور مملکت خداداد پاکستان سے بے لوث محبت و عقیدت کے ناقابل شکست عہد ، بھرپور عوامی اعتماد، اپنی شاندار کارکردگی، تجربہ کار ٹیم ، مثالی و قابل عمل منشور کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی اور کامیابی حاصل کرے گی۔صوبے میں اس وقت ہر طرف افراتفری کا عالم ہے۔ ایسے میں عوامی حقوق اور سنگین بے ضابطگیوں کے خلاف ہمہ وقت بھرپور آواز اٹھا کر حفیظ نے دھرتی کے حقیقی وارث ہونے کا حق ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی اٹھارہ لاکھ آبادی کو نہ بجلی میسر ہے نہ پانی، تعلیم و صحت مسلسل زوال پذیری کی جانب گامزن، اساتذہ و محکمہ پولیس سمیت کئی محکموں کے ملازمین اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر خوار ، صوبے کا دارالخلافہ گرمیوں میں بھی بد ترین لوڈ شیڈینگ کا شکار ہے، عوامی منصوبے سیمنٹ اور سریے کا قبرستان بن چکے ہیں، منظور نظر کو منصوبوں کو ریوائز کرنا روایت بن چکی ہے۔ ایسے میں مسلم لیگ ن کی قیادت کیا دیگر جماعتوں کی قیادت کی طرح مصلحتوں کا شکار ہو کر چپ سادھ لے؟ ایسا ممکن ہی نہیں ہم سیاست اقتدار کے لیے نہیں کرتے، مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کی 35 سالہ تاریخ میں صرف ایک بار کلی طور پر ہمیں حکومت ملی ہے باقی کا عرصہ ہم نے اپوزیشن میں گزارا ہے اور اس ایک بار حکومت میں ہم نے اپنی شاندار کارکردگی کے زریعے تاریخی عوامی منصوبے مکمل کیے اور کماحقہ عوامی حقوق کا تحفظ کیا ہے،انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان سے نواز شریف اور حفیظ الرحمن کے تاریخی اور عوام دوست منصوبے نکال دیے جائیں تو صوبہ کھنڈرات اور جنگل منظر پیش کرے گا۔ اشرف صدا نے کہا کہ مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کی انتخابی حکمت عملی کی بنیاد واضح اصولوں پر ترتیب پاتی ہے ۔ جس کے مطابق ہم گلگت بلتستان میں صاف اور شفاف انتخابات پر کامل یقین رکھتے ہیں انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت کو لیکر ہم نہ انتخابات پر اثر انداز ہونے پر یقین رکھتے ہیں اور نہ ہم کسی جماعت کو بلیک میلنگ کی اجازت دینگے۔ گلگت بلتستان کو دوبارہ گڈ گورننس اور تعمیر و ترقی کی جانب گامزن کرنے اور مملکت پاکستان کا مثالی صوبہ بنانے کا حقیقی عزم ہی ہماری سیاست کا محور ہے۔ عدل و انصاف ،میرٹ اور شفافیت کے نظام کی بحالی کے بغیر گلگت بلتستان کی ترقی اور نئی نسل کا ریاست پر اعتماد کی بحالی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حفیظ گلگت بلتستان کے باشعور ، تعلیم یافتہ، نئی نسل اور عام نوجوانوں کا نمائندہ ہے۔ جو ہر قسم کے مصلحتوں سے آزاد ہو کر عوامی حقوق اور عوام کے درمیان حائل دیواروں سے بے خوف ٹکرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے باہمی اختلافات ہمارا اندرونی مسئلہ ہے، جسے جلد حل کیا جائے گا اس پر کسی دوسرے پارٹی کے محترم یا محترمہ کو تشویش میں مبتلا ہونے کی قطعی ضرورت نہیں۔ ہم بخوبی آگاہ ہیں کہ پیپلز پارٹی میں کتنے دھڑے ہیں اور کونسے دھڑے نے کس موقع پر دوسرے دھڑے کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے، تاہم یہ معاملات پیپلز پارٹی کا اندرونی مسلہ ہے جس پر ہمیں کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔ ہاں اگر بے بنیاد الزام تراشیوں کا سلسلہ جاری رہا تو ہم بھی نہ چاہتے ہوئے بہت سے حقائق سے پردہ چاک کریں گے۔
حفیظ عوامی حقوق کے ترجمان،الزام تراشی بے بنیاد، ترجمان ن لیگ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
