غواڑی پاور پراجیکٹ پیپلز پارٹی کی وجہ سے منسوخ ہوا، ن لیگ

گانچھے (محمد علی عالم) مسلم لیگ (ن) گانچھے کے ضلعی صدر سلطان علی خان نے کہا ہے کہ 16 ارب روپے کے غواڑی پاور پراجیکٹ کو پیپلز پارٹی نے کرپشن کے لیے پہلے 34 ارب، پھر 56 ارب روپے تک لے گیا، جس کے باعث یہ منصوبہ منسوخ ہو گیا۔ اب پیپلز پارٹی اپنی کرپشن چھپانے کے لیے سابق وزیر اعلی حافظ حفیظ الرحمن پر الزامات لگا رہی ہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے منصوبے کی لاگت میں غیر قانونی طور پر اضافہ کیا اور پی ڈی کے ساتھ ملی بھگت کے ذریعے اسے 56 ارب روپے تک پہنچایا، جو گلگت بلتستان کے مجموعی سالانہ بجٹ کا نصف بنتا ہے۔ سلطان علی خان کے مطابق وفاقی پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ نے منصوبے کو قانونی تقاضے پورے نہ کرنے کی بنیاد پر مسترد کر دیا، لیکن اب ناکامی کا سارا ملبہ حافظ حفیظ پر ڈال کر عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن)وزیر اعظم شہباز شریف اور قائد نواز شریف کی قیادت میں اس منصوبے کو دوبارہ بحال کرے گی، جیسا کہ ماضی میں دانش اسکول کو بھی گانچھے میں واپس لایا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب کوئی بھی سیاسی چال، جھوٹا سنگِ بنیاد یا الزام تراشی مسلم لیگ(ن)کے ترقیاتی ویژن کو روک نہیں سکتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں