وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ یوم الحاق کشمیر تجدیدِ عہد کا دن ہے کہ کشمیریوں کی قربانیاں ہم سب پر ایک امانت ہیں جن کا قرض صرف آزادی ہے،بھارتی سرکار کو کشمیریوں کے جائز حق کے سامنے سر تسلیم خم کرنا پڑے گا۔یوم الحاق کشمیر پر جاری اپنے پیغام میں وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ تاریخ کی وہ روشن صبح ہے جب اہلِ کشمیر نے ڈوگرہ راج کے جبر کو مسترد کر کے پاکستان کو اپنی سیاسی اور روحانی منزل قرار دیا۔محسن نقوی نے کہا کہ 19 جولائی 1947 کو کشمیریوں نے ایک ایسا فیصلہ کیا جو وقت کی گرد، ظلم کی دھند اور بندوقوں کی گونج میں بھی نہ مٹ سکا، قائداعظم نے واضح فرمایا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، یہ اعلان آج بھی ہمارے قومی شعور کا مرکز ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی فضائوں میں آج بھی وہی صدائے یقین گونج رہی ہیں جسے 1947 کے غیر مسلح مگر غیور کشمیریوں نے بلند کیا تھا، بھارتی ریاست کا فوجی جبر، کالے قوانین اور انسانی حقوق کی پامالی کشمیریوں کی وفا کو توڑ سکے نہ جھکا سکے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ یوم الحاق کشمیر پر شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان سے نظریاتی نسبت کو زندگی سے عزیز تر جانا، یو این قراردادیں آج بھی منتظر ہیں عالمی ضمیر جاگے اور کشمیریوں کو ان کا جائز حق خودارادیت فراہم کیا جائے، حریت رہنمائوں کو جیلوں میں ڈال کر اور قبریں کھود کر بھی بھارت کشمیریوں کے دل سے پاکستان نہیں نکال سکا۔ان کا کہنا تھا کہ یوم الحاق کشمیر عالمی برادری کیلئے آئینہ ہے جس میں اسے اپنی خاموشی، بے حسی اور دہرے معیار کا چہرہ صاف دکھائی دینا چاہیے، یوم الحاق کشمیر تجدیدِ عہد کا دن ہے کہ کشمیریوں کی قربانیاں ہم سب پر ایک امانت ہیں جن کا قرض صرف آزادی ہے۔وہ لمحہ دور نہیں جب بھارت سرکار کو کشمیریوں کے جائز حق کے سامنے سر تسلیم خم کرنا پڑے گا۔ کشمیریوں کی تحریک آزادی میں پاکستان اپنے بھائیوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
بھارتی سرکار کو کشمیریوں کے جائز حق کے سامنے سر تسلیم خم کرنا پڑے گا، محسن نقوی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
