امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا ملک بھر میں دھرنوں کا اعلان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے چینی مافیا، پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک بھر میں دھرنوں کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ ساری پارٹیوں نے عوام کو شیطانی چکر میں پھنسا دیا ہے، تنخواہوں میں اضافے اور سینیٹ نشستوں کے معاملے پر سب اکٹھے ہو جاتے ہیں لیکن عوام کے مسائل پر سب الگ ہو جاتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پارٹی قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سینیٹ کی سیٹوں اور تنخواہوں میں اضافے کیلئے تمام سیاستدان اکٹھے ہو جاتے ہیں لیکن جب عوام کے مسائل کی بات آتی ہے تو یہ سب الگ ہو جاتے ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے جو ہرگز قبول نہیں، کل ملک بھر میں احتجاج اور دھرنے ہوں گے جہاں آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن اپنی مراعات میں لگے ہیں، یہ فلسطین پر کبھی ایک نہیں ہوتے لیکن اپنے مفادات پر ان میں اتفاق پیدا ہو جاتا ہے، عوام کے مفاد کیلئے ان میں اتحاد نہیں، ہر 15 دن میں یہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھا دیتے ہیں، جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتی۔انہوں نے مزید کہا کہ چینی برآمد کیوں کی گئی اور اب درآمد کیوں ہو رہی ہے؟ ہر حکومت میں چینی مافیا سرگرم ہوتا ہے، چینی، پیٹرول اور گیس کی قیمتیں مسلسل بڑھائی جا رہی ہیں، وزارتِ پیٹرولیم کے کہنے پر گیس کی پیداوار روکی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کو ادائیگیاں عوام سے وصول کی جا رہی ہیں، سولرائزیشن کا حکمرانوں کو علم ہی نہیں، ناقص حکمت عملی کا بوجھ غریب پر ڈالا جا رہا ہے، پاکستان میں عوام، کسان اور مزدور کیلیے کوئی بات نہیں کر رہا، چینی، بجلی اور پیٹرول مہنگائی کے خلاف میدان میں آئیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کے بلوں میں سلیب سسٹم نامنظور ہے صرف استعمال کے مطابق بل لیا جائے، بجلی کے بلوں میں تمام ٹیکس ختم کیے جائیں، ایف بی آر اہلکار 1300 ارب روپے ٹیکس چوری کرتے ہیں، تاجروں کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں، مافیاز کے فیصلوں کے خلاف قوم کو اٹھنا ہوگا۔حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ چینی مافیا سرگرم ہے، چینی ایکسپورٹ کیوں کی گئی، 89 شوگر ملز میں سے 90 فیصد ن لیگ یا پیپلز پارٹی کی ہیں، شوگر ملز والے اپنے مفادات کے لیے ایک ہیں، ہر حکومت میں اس مافیا کو مراعات ملتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج (ا توار ) کو اسلام آباد سمیت ملک بھر کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر مظاہرے ہوں گے، ہر 15 دن کے بعد پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کرتے ہیں، عالمی مارکیٹ کی کمی کا فائدہ عوام کو کیوں نہیں پہنچتا۔ان کا کہنا ہے کہ آر ایل این جی کی قطر کے ساتھ معاہدوں میں پاکستان کی صورتحال کا خیال نہیں رکھا گیا، انڈسٹری کے لوگ کہتے ہیں ہمیں گیس امپورٹ کرنے کی اجازت دی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں