خیبرپختونخوا کے علاقے مالاکنڈ میں سکیورٹی فورسز نے ایک آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے3 دہشتگردوں کو ہلاک اور 7کو گرفتار کرلیا جبکہ ضلع بنوں میں تھانہ بکا خیل پر دہشتگردوں کی جانب سے حملے کی کوشش کو پولیس نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنادیا، جنوبی وزیرستان میں تھانہ لدھا اور سروکئی کے 7 پولیس اہلکار لاپتا ہو گئے،لکی مروت میں نامعلوم افراد نے گیس پائپ لائن کو بارودی مواد سے دھماکا کرکے اڑا دیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق مالاکنڈ میں درگئی کے علاقہ مہردے میں سکیورٹی فورسز اور لیویز نے مشترکہ آپریشن کیا جس دوران فتنہ الخوارج کے 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ 7 گرفتار کرلئے گئے۔ ڈپٹی کمشنرحامد الرحمان نے بتایا ہے کہ آپریشن میں گن شپ ہیلی کاپٹروں نے بھی حصہ لیاجبکہ دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں باردوی مواد بھی برآمد کیا گیا۔ دوسری جانب خیبرپختونخواکے ضلع بنوں میں تھانہ بکا خیل پر دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا، دہشت گردوں کا یہ حملہ اچانک اور منصوبہ بند تھا تاہم تھانے میں موجود پولیس اہلکاروں نے دلیری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا، دہشت گرد بھاری ہتھیاروں سے لیس تھے لیکن اہلکاروں کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی نے کسی بڑے سانحے کو ٹال دیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں کی تعداد 13 سے 15 کے درمیان تھی جو رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر تھانے پر حملہ آور ہوئے تاہم حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام اہلکار بحفاظت محفوظ رہے کیوں کہ پولیس کی جانب سے فوری جوابی فائرنگ کے باعث دہشتگرد پسپا ہو کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے، علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور ممکنہ ٹھکانوں کی چھان بین کی جا رہی ہے، سکیورٹی اداروں نے تھانے اور اطراف کے علاقوں کی نگرانی مزید سخت کردی۔دریں اثناء وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کے تھانہ بکا خیل پر بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر خیبرپختونخوا پولیس کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے انتہائی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے جس بہادری سے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا وہ قابلِ فخر اور لائقِ تحسین ہے۔حملہ آوروں کو منہ توڑ جواب دے کر پولیس نے نہ صرف تھانے کو بچایا بلکہ ایک بڑے سانحے کو بھی ٹال دیا۔محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوت ماضی میں بھی ملک دشمن عناصر کے حملوں کو پسپا کرتے آئے ہیں اور حالیہ کارروائی ایک اور روشن مثال ہے۔انہوں نے پولیس ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اپنے ان سپاہیوں پر فخر ہے۔وزیرداخلہ نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا اور ریاست کی رِٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔ادھر لکی مروت میں نامعلوم افراد نے گیس پائپ لائن کو بارودی مواد سے دھماکا کرکے اڑا دیا، دھماکے کے بعد گیس کے اخراج سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔دھماکا تھانہ شادی خیل، سب ڈویژن بیٹنی کے علاقے خان خیل میں ہوا، رواں ماہ پنجاب جانے والی گیس پائپ لائن کو چوتھی بار نشانہ بنایا گیا ہے،حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔علاوہ ازیں جنوبی وزیرستان میں تھانہ لدھا اور سروکئی کے 7 پولیس اہلکار لاپتا ہو گئے جنہیں ممکنہ طورپراغواکرلیا گیا ہے ۔ڈی پی او ارشد خان نے واقعے کی تصدیق کر تے ہوئے بتایا کہ تین اہلکار تھانہ لدھا کی حدود میں گشت کے دوران لاپتا ہوئے، جن میں انصاف، عابد اور اسماعیل شامل ہیں۔انھوں نے بتایا کہ تھانہ سروکئی کی حدود تانگہ چگملائی سے 4 اہلکار لاپتا ہوگئے جن میں ایس آئی عبدالخالق، سپاہی عرفان اللہ، حبیب اللہ اور عمران شامل ہیں۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ لاپتہ اہلکاروں کی تلاش جاری ہے، کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
خیبرپختونخوا، مالاکنڈ میں سکیورٹی فورسزکی کامیاب کارروائی میں3دہشتگر د ہلاک ، 7 گرفتار
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
