گلگت، وزیراعلیٰ خالد خورشید نے گلگت بلتستان کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ سے حلف لیا منگل کے روز مقامی ہوٹل میں کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری ہوئی جس میں نومنتخب صدر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن گلگت بلتستان رحمت اللہ،جنرل سیکریٹری شاکر حسین، سینئر نائب صدر اور دیگر عہدیداروں نے اپنے عہدوں کا حلف لیا تقریب میں وزیراعلیٰ سمیت صوبائی وزرائ، اپوزیشن اراکین اور سرکاری آفیسران کی تعداد شریک ہوئی وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کی تمام ٹھیکیدار برادری کیلئے یکساں پالیسی اور ٹینڈر کے عمل کو شفاف اور آسان بنائیں گے، اس حوالے سے منصوبوں کا آن لائن ٹینڈرنظام متعارف کرانے کیلئے ہدایات دے دی ہیں ، منصوبوں کے ٹینڈر کے نظام کو آن لائن کرنے سے پالیسی کو یکساں اور ٹینڈر کے عمل کو مکمل طور پر شفاف بنایا جاسکے گا، ٹھیکیدار برادری کا دیرینہ مسئلہ شیڈول ریٹس کا ہے شیڈول ریٹس کو ریوائز کیا گیا ہے، جون کے بعد کنٹریکٹرز کی نومنتخب کابینہ کیساتھ ریٹس کے حوالے سے مزید بات کی جائے گی، ترقیاتی عمل کو تیز اور بہتر بنانے کیلئے صوبائی حکومت نے جیپراکا قیام عمل میں لایا ہے، سابقہ حکومتوں کے6 ارب کے بقایاجات موجودہ صوبائی حکومت نے ادا کئے ہیں، محکمہ تعمیرات کو یکساں ٹی او آرز بنانے کیلئے ہدایات دی جائیں گی ، اچھا کام کرنے والے اور منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کرنے والے ٹھیکیداروں کے مابین بھی تفریق لازمی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ ہماری روایات دیگر علاقوں سے مختلف ہیں اسی لئے ہم سب کو مل کر گلگت بلتستان کیلئے کام کرنا چاہئے، وفاق میں تحریک انصاف کی حکومت کی تبدیلی کے بعد ریلیز میں تاخیر ہورہی ہے، جس سے ترقیاتی عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان واحد لیڈر ہیں جو گلگت بلتستان کا درد رکھتے ہیں، انہوں نے بحیثیت وزیر اعظم اس بات کا عملی ثبوت بھی دیا گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہاکہ تنقید برائے تنقید کی پالیسی علاقے کی خدمت نہیں، گلگت بلتستان کے اصل مسائل پر بات کرناچاہئے، یورپ میں اگر کوئی کرپشن میں ملوث ہو تو وہاں دوبارہ سیاست میں آنے کا سوچ بھی نہیں سکتا کیوں کہ وہاں کے عوام بیدار ہیں، ہمیں بھی قوم بننا ہے، ہجوم کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا، ہمیں فخر ہے کہ جس لیڈر کے ساتھ ہم کھڑے ہیں وہ کرپٹ نہیں ہے، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پاکستان کیلئے لازم و ملزوم ہیں ، ملک حقیقی معنوں میں اس وقت مشکل حالات سے گزر رہاہے، ملک کی درست سمت کے تعین کیلئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی کال پر سب کو باہر نکلنا ہوگا، میں گلگت بلتستان کے تمام عوام کو جو پاکستان کا مثبت مستقبل دیکھنا چاہتے ہیں لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں، ہم اس ملک اور اس قوم کی بہتری کیلئے اسلام آباد جارہے ہیں لانگ مارچ ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ملک اور قوم کیلئے جنگ لڑرہے ہیں ، اس تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے سب پاکستانیوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،مخالفین کی جانب مقدمات درج کرانے کی باتوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اگر ہم نے مقدمات بنوائے تو سب کی چیخیں نکلیں گی۔ گلگت بلتستان ریونیو اتھارٹی کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آزاد کشمیر سمیت تمام صوبوں میں ریونیو اتھارٹیز قائم ہیں، صوبے کے وسائل میں اضافے کے بغیر مسائل کا حل اور ترقی ممکن نہیں، مستحق لوگوں کی مدد اور علاقے کی ترقی کیلئے صاحب استطاعت لوگوں کو اپنا کردار اد اکرنا ہوگا۔انھوں نے کہا کہ باہر سے آنے والے بڑے سرمایہ کاروں اور کنٹریکٹرز پر ٹیکس لگے گا،آمدن نہیں ہوگی تو ترقی کے لئے کام کیسے کریں گے،ریونیواتھارٹی کے ذریعے سوست ڈرائی پورٹ کی آمدن میں سے حصہ ملنے کی راہ بھی ہموار ہوسکے گی، وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن گلگت بلتستان کے نومنتخب کابینہ کو مبارک باد دیتے ہوئے ٹھیکیدار برادری کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر گلگت بلتستان کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر رحمت اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹھیکیداروں کو درپیش مشکلات کے حل اور چھوٹے ٹھیکیداروں کے ساتھ کئے گئے وعدے کو پورا کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرونگا، انہوں نے کہا کہ ٹھیکیداروں کو ریٹس ریوائز کرنے اور نئی ٹینڈر پالیسی مرتب کرنے کے لئے کردار ادا کریں گے اس کے علاوہ گلگت بلتستان پیپرا رولز بنانے کے لئے کام کریں گے تقریب سے خطاب میں گلگت بلتستان کنٹریکٹرایسوسی ایشن سپریم کونسل کے چیئرمین بشیر احمد خان نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خالد خورشید آپ پہلے وزیراعلیٰ ہیں جن کا ٹھیکیدار برادری شکریہ ادا کرتی ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں دیکھا ہے کہ ٹھیکیداروں سے زیادہ حکومتی لوگوں کے بندے ٹھیکیوں میں ملوث ہوتے تھے لیکن پہلی بار وزیراعلی کی کوششوں سے ٹھیکیوں میں کسی بھی طرح سے حکومتی لوگ ملوث نہیں ہوتے ہیں اس پر وزیراعلیٰ کے شکرگزار ہیں انہوں نے کہا کہ ٹھیکیداروں کو ریٹس کے حوالے جو شکایات ہیں انکے ازالے کے لئے درخواست ہے امید ہے وزیراعلیٰ اس پر عملدرآمد کریں گے تقریب میںکنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے نو منتخب سیکریٹری جنرل نے سپاسنامہ پڑھ کر مطالبات وزیراعلیٰ کو پیش کئے۔
