گلگت ،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کے زیر صدارت انصاف یوتھ ونگ ضلع گلگت کے ممبران کیساتھ حقیقی آزادی مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ صوبائی صدر عتیق پیرزادہ کی قیادت میں انصاف یوتھ ونگ ضلع گلگت کے ممبران نے بڑی تعداد میں نشست میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ انصاف یوتھ ونگ حقیقی آزادی مارچ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی، انصاف یوتھ ونگ کے نوجوان پارٹی کا اثاثہ ہیں، انہوں نے ہر موقع پر تحریک کی کامیابی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی کال پر 26 نومبر کی حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کیلئے گلگت بلتستان سے تاریخی ریلی 25نومبر کو روانہ ہوگی۔وزیراعلی نے کہا کہ احتجاج ہمارا آئینی حق ہے، گلگت بلتستان کے عوام نے گزشتہ دو ریلیوں میں تاریخ رقم کی، ایک بار پھر پہلے دو ریلیوں سے دگنی تعداد میں گلگت بلتستان کے عوام پنڈی پہنچنے کیلئے تیار ہیں، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے اپنے سرٹیفائیڈ چور قیادت کیلئے ریلیاں نکالی، ہم چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جیسے ایماندار قیادت کیلئے کیوں نہیں نکلیں گے، گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کیلئے خون کا نذرانہ دینے والوں کے وارث ہیں، وہ حقیقی آزادی مارچ کیلئے ضرور نکلیں گے، ہم حقیقی آزادی کی جس مقصد کیلئے جارہے ہیں اس میں ضرور کامیاب ہوں گے، ہزاروں کی تعداد میں انصاف یوتھ ونگ کے نوجوان بھی ریلی میں شرکت کریں گے۔وزیراعلی نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع کے نوجوان انصاف یوتھ ونگ کے پلیٹ فارم سے ریلی میں شرکت کریں۔انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ کے حوالے سے پورا پاکستان گلگت بلتستان کے نوجوانوں کی طرف دیکھ رہاہے، گلگت بلتستان کے نوجوان چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ہائی الٹیچوڈ ٹائیگرز ہیں۔وزیراعلی نے کہا کہ گلگت بلتستان کا تاریخی قافلہ 25نومبر کو نکلے گا اور 26نومبر کو پنڈی پہنچے گا، ضلع غذر، ہنزہ، نگر اور استور کے قافلے 24نومبر کو گلگت پہنچیں گے، حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کیلئے بھرپور طریقے سے تیاریاں جاری ہیں، ضلعی آرگنائزنگ کمیٹیاں، پارٹی رہنما، انصاف یوتھ ونگ اور آئی ایس ایف منظم انداز میں ریلی کی تیاری کررہے ہیں، انشائ اللہ گلگت بلتستان سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے جانثاروں کا تاریخی قافلہ پنڈی پہنچے گا۔ اس موقع پر انصاف یوتھ ونگ کے ممبران نے چیرمین عمران خان اور صوبائی صدر پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے حق میں فلک شگاف بلند کیے۔ اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی کا صوبائی صدر وزیراعلی خالد خورشید کے زیر قیادت حقیقی آزادی مارچ میں تاریخی تعداد میں شرکت کرینگے۔ اس حوالے سے منظم انداز میں تیاریاں جاری ہیں۔ ادھر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی زیر صدارت انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کا بھی اجلاس ہوا، صوبائی کنونیئر اویس محبوب کے زیر قیادت انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں اجلاس میں شرکت کی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر پی ٹی ئی و وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہاکہ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن پارٹی کی انتہائی اہم ونگ ہے، حقیقی آزادی مارچ کے حوالے سے آئی ایس ایف کے طلباء و طالبات کا جذبہ لائق ستائش ہے، حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کیلئے گلگت بلتستان کے عوام تیار ہیں، عوام میں تاریخی جوش و جذبہ دیکھ کر اپوزیشن پر خوف طاری ہوچکا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے آئی ایس ایف کو ہدایت کی کہ تیاریاں مکمل کریں، آئی ایس ایف کے طلباء و طالبات نے صوبائی صدر پی ٹی ئی و وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی قیادت میں حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کی بھرپور یقین دہانی کرائی۔
