تحریک انصاف میں ہونے کے باوجود نواز شریف کا عاشق ہوں، ابراہیم ثنائی

پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے رہنماء و سابق وزیر تعلیم حاجی محمد ابراہیم ثنائی نے کہاہے کہ میں تحریک انصاف میں ضرور ہوں مگر آج بھی میرے پسندیدہ لیڈر میاں نواز شریف ہیں انہوں نے گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی پر خصوصی توجہ دی مسلم لیگ ن نے یہاں نئے اضلاع بنائے یونیورسٹی دی سکردو روڈ کی تعمیر کو ممکن بنایا جب کسی ٹی وی چینل پر کوئی نوازشریف کے خلاف بات کرتا ہے تو میرا خون کھولتا ہے سکردو میں مقامی ہوٹل میں دیئے گئے ظہرانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میڈیا بات رپورٹ کرے یا نہ کرے میں نواز شریف کا بہت بڑا عاشق ہو ں ان کی گلگت بلتستان کے لئے خدمات لازوال ہیں ہمیں میاں نواز شریف کی خدمات کو فراموش نہیں کرنا چاہئے انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان میں نظریاتی سیاست نہیں ہوتی یہاں انتخابی سیاست ہو تی ہے وفاق میں جس جماعت کی حکومت ہوتی ہے گلگت بلتستان میں اسی جماعت کی حکومت قائم ہو جاتی ہے میں نے مسلم لیگ ن ا س لئے نہیں چھوڑی کہ میرے اس جماعت کی قیادت سے کسی قسم کا کوئی اختلاف تھا پارٹی چھوڑنے کی وجہ اختلاف ہرگز نہیں تھی کچھ چیزیں کرنی تھیں وہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے نہیں کیں جس کا خمیازہ پارٹی کو بھگنا پڑا جو لوگ اس وقت اقتدار میں ہیں انہیں وقت دینا چاہئے وقت سے پہلے ان پر تنقید دانشمندی نہیں ہے ۔