وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کو بحرانوں سے نکالنے کےلئے اقدامات اٹھائیں، اراکین کونسل


 گلگت ( پ ر ) گلگت بلتستان کونسل ممبران کا ایک ہنگامی اجلاس زیر صدارت چیئرمن قائمہ کمیٹی محمد ایوب شاہ اور چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی اقبال نصیر منعقد ہوا۔اجلاس میں تمام ممبران کونسل شیخ احمد علی نوری،حشمت اللہ، عبدالرحمن اور سید شبیح الحسنین نے شرکت کی۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کے حوالے سے ہونے والی تمام ناانصافیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔اس وقت گلگت بلتستان مختلف بحرانوں کا شکار ہے۔جس میں گندم ،بجلی،پانی سرفہرست ہیں۔ان بحرانوں سے عوام کو نکالنے کے لیے وفاق اور صوبہ فوری اور ہنگامی بنیادوں پر پر کام کرے۔نیز گلگت بلتستان کونسل اور اس سے منسلک اداروں میں موجود تمام عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے حوالے سے( مندوخیل کمیٹی برائے متاثرہ ملازمین ) اور گلگت بلتستان چیف کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود ان ملازمین کے بنیادی حقوق دیئے بغیر اپنے من پسند افراد کو Deputation پر لانے کے عمل کو فوری روکا جائے اور ان عارضی ملازمین کو جلد سے جلد مستقل کرکے انکے بنیادی حقوق دیے جائیں۔نیز تمام ممبران گلگت بلتستان کے حقوق کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کے لیے فوری طور پر اسلام آباد میں ایک ہنگامی میٹنگ طلب کرنے پر غور کیا ہے تاکہ گلگت بلتستان جیسے حساس اور متنازعہ خطے کی بنیادی حقوق کا تحفظ کیا جاسکے۔اور گلگت بلتستان کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اور زیادتیوں کا ازالہ کیا جاسکے۔