صحافیوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری، امجد زیدی

گلگت (پ ر) سینئر صوبائی وزیر تعمیرات گلگت بلتستان سید امجد علی زیدی نے کہا ہے کہ صحافیوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کے مسائل کا حل حکومت کی ذمہ داری ہے صوبائی حکومت اس سلسلے میں بھرپور اقدامات اٹھائے گی۔ یہ بات انہوں نے گلگت یونین آف جرنلسٹس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے گلگت میں ان سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے جو حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے حکومتی اقدامات کی تشہیر اور علاقے کی تعمیر و ترقی میں میڈیا کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے صحافی نامسائد حالات کے باوجود بہتر انداز میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں سینیئر صوبائی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں میڈیا انڈسٹری کو مستحکم بنانے اور صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے محکمہ اطلاعات کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اس سے قبل گلگت یونین آف جرنلسٹس کے صدر زوہیب اختر نے یونین کے اغراض و مقاصد کے بارے میں سینئر صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔ وفد میں شامل کابینہ کے اراکین نائب صدر طارق حسین ، فائنانس سیکرٹری سید شیر عباس اور سیکرٹری اطلاعات عدنان راوٹ نے یونین کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی پر سینیئر صوبائی وزیر تعمیرات سید امجد علی زیدی کا شکریہ ادا کیا۔