محکمہ جنگلات کی آسامیوں پرانٹرویودوبارہ لیاجائے،ناشاد

سابق سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حاجی فدا محمد ناشاد نے محکمہ جنگلات گلگت بلتستان کی جانب سے مختلف ملازمتوں کے لئے ٹیسٹ پاس کئے ہوئے بلتستان کے امیدواروں کو انٹرویو میں شامل نہ کرنے کے عمل کو واضح طور انصاف اور مساوات کے اصولوں کیخلاف قرار دیا ہے۔ انہوں نے سیکرٹری محکمہ جنگلات سے مطالبہ کیا ہے کہ اس خلاف ضابطہ اور غیر منصفانہ انٹرویو کو مسترد اور کالعدم قرار دیا جائے۔ انصاف کے اصولوں کا تقاضا یہی ہے کہ ایک نئے غیر جانبدارانہ ٹیم کے ذریعے بلتستان سے تعلق رکھنے والے ٹیسٹ میں کامیاب  امیدواروں کو بھی شامل کرتے ہوئے انٹرویو از سر نو کرائے جائیں تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہونے پائے۔ ساتھ ہی گلگت سکردو روڈ کی تعمیراتی شیڈول کو مد نظر رکھتے ہوئے بلتستان کے امیدواروں کو بر وقت انٹرویو کے حوالے سے مطلع کئے جائے تاکہ ان امیدواروں کی انٹرویو میں شمولیت یقینی ہو سکے۔ حاجی ناشاد نے چیف سکریٹری گلگت بلتستان سے بھی اپیل کی ہے کہ تمام محکموں کو ہدایات جاری کئے جائیں میرٹ کے اصولوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس طرح کی شدید غلطیوں کا اعادہ نہ ہونے پائے۔