گلگت، دو گروپوں کے درمیان تصادم میں چار افراد زخمی

 گلگت نواحی گاؤں پڑی بنگلہ میں دو گروپوں کے مابین لڑائی اور فائرنگ سے 4 افراد زخمی ہوگئے ہیں پولیس کی بھاری نفری نے  موقع پر پہنچ کر حالات  سنبھال لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہفتہ کی شام پڑی بنگلہ بازار میں دو لڑکوں کے درمیان   معمولی تلخ کلامی ہوئی جووصل خان گروپ اوربلاس گروپ کے مابین تصادم میں تبدیل ہوگئی۔ دونوں گروپوں نے  ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا اور فائرنگ بھی کی۔ پتھروں سے دو افراد معمولی زخمی ہوئے اور فائرنگ میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو پڑی بنگلہ سے گلگت سٹی اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس اسٹیشن پڑی بنگلہ نے لڑائی کو ختم کروانے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی اور آنسو گیس کا استعمال بھی کیا۔حالات کنٹرول سے باہر ہونے کی وجہ سے گلگت سے چار سارگن موبائیل نفری کے ساتھ منگوائی گئی اضافی نفری پڑی بنگلہ پہنچ گئی ہے پولیس اسٹیشن پڑی بنگلہ کا عملہ ملزمان کو گرفتار کرنے میں مصروف عمل ہے تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔اور ایف آئی آر درج نہیں ہوئی ہے