ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کے خلاف اپوزیشن تحریک عدم اعتماد لے آئی

اپوزیشن جماعتوں نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف متفقہ طور پر تحریک عدم اعتماد جمع کرادی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق تحریک عدم اعتماد مسلم لیگ (ن)،پاکستان پیپلز پارٹی، ایم ایم اے، بی این پی، عوامی نیشنل پارٹی سمیت محسن ڈاوڑ نے متفقہ طور پر جمع کرائی ہے۔مسلم لیگ (ن)کے رکن قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کئی بار جانبداری کا مظاہرہ کیا، آج قاسم سوری نے کہا کہ وہ آئین کو نہیں مانتے، ایک ایسا شخص جو نو ماہ سے اسٹے کے اوپر ڈپٹی اسپیکر کی سیٹ پر بیٹھا ہے وہ آئین و قانون کی پاسداری نہیں کررہا۔مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ ایسے شخص کا کوئی حق نہیں کہ وہ اس سیٹ پر بیٹھے،ہم جمہوری طریقے سے آئین کے مطابق کام کریں گے، یہ فیصلہ مشاورت سے ہوگا کہ اگلا ڈپٹی اسپیکر کا امیدوار کون ہوگا۔