گلگت (سٹاف رپورٹر) گیس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے گلگت بلتستان میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن کے صدر حاجی فریداللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی انتظامیہ کے نامناسب رویے اور ناقابل عمل گیس ریٹس مقرر کرنے کے خلاف گلگت بلتستان کے تمام 10 اضلاع میں ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اوگرا گیس کے کرایوں میں سبسڈی فراہم نہیں کرتی ہے جس کی وجہ سے گیس ڈیلرز خود ہی کرایہ دیتے ہیں جس کی وجہ سے پورے ملک میں نافذ گیس کے ریٹس کا نفاذ گلگت بلتستان میں نہیں ہوتا ہے۔ ایسے میں مقامی انتظامیہ کا من مانے ریٹس مقرر کرنا انتہائی نامناسب ہے انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کے لئے پیٹرولیم مصنوعات کی طرح ایل پی جی گیس کے کرایوں میں سبسڈی کے اقدامات کرے تو اوگرا کے مقرر کردہ ریٹس نافذ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مقامی انتظامیہ گیس ڈیلرز کے ساتھ اپنے رویے میں تبدیلی نہیں لاتی ہے تب تک ہڑتال کا سلسلہ جاری رہے۔
