گلگت بلتستان کی ترقی میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی، امیر مقام


 اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی،وفاقی حکومت علاقے کی تعمیر وترقی کے لئے ہرممکن وسائل فراہم کرے گی،وزیراعظم کا دورہ گلگت بلتستان ناگزیر وجوہات کی بناءپر منسوخ ہوا وزیراعظم جلد گلگت کا دورہ کریں گے ،وفاقی وزیرنے ان خیالات کا اظہار گلگت بلتستان کونسل کے ارکان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ،وفاقی وزیر امیر مقام سے ملاقات کرنے والو ںمیں چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی محمد ایوب، چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی اقبال نصیر، شبیہ الحسن اور عبید الرحمان شامل تھے،۔ اس موقع پر جوائنٹ سیکرٹری جی بی کونسل سدھیر خٹک بھی موجود تھے،ذرائع کے مطابق ارکان کونسل نے وفاقی وزیرکو علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا اور درخواست کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوںپر کام کی رفتار تیز کی جائے،ارکان کونسل کا کہنا تھا کہ جی بی کے نوجوانوں کو روزگاری کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت جامع سکیم کا اعلان کرے،ذرائع نے بتایا کہ ارکان کونسل نے وفاقی وزیر سے درخواست کی کہ وہ گلگت بلتستان کے ترقیاتی فنڈز میں اضافے کے لئے بھی اپنا کردار ادا کریں،وفاقی وزیر امیرمقام نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت ترقی کے میدان میں گلگت بلتستان کو ملک کے دیگر علاقوں کے برابر لانے میں سنجیدہ ہے اور اس مقصد کے لئے گلگت بلتستان کے عوام کی خوشحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں ،امیر مقام نے ارکان کونسل سے کہا کہ ن لیگ کی حکومت جب بھی آئی اس نے گلگت بلتستان پر خصوصی توجہ دی اور اب بھی معاشی مشکلات کے باوجود وزیراعظم کی خواہش ہے کہ گلگت بلتستان کے لئے وسائل کی کمی کو آڑے نہ آنے دیا جائے،امیرمقام نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ گلگت بعض ناگزیر وجوہات کی بناءپر ملتوی ہوا اور بہت جلد وزیراعظم گلگت کا دورہ کریں گے ،ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ن لیگ نعروں پر نہیں عملی کام اور خدمت پر یقین رکھتی ہے