واپڈا اور ڈیم پراجیکٹ کے وفد کا داریل کا دورہ

چلاس(پ ر) واپڈا، دیامربھاشا ڈیم پراجیکٹ کے سینئر ڈاکٹرز اورافسران پر مشتمل وفدنے پراجیکٹ ایریا میں لوگوں کوعلاج ومعالج کی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں دیامر کی تحصیل داریل کا دورہ کیا۔ وفد نے داریل میں علاج و معالج کےلئے انفراسٹرکچر اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر داریل اکرم خان ،نمبرداران اور عمائدین علاقہ نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے دستیاب سہولیات اور انفرسٹرکچر سے متعلق آگاہ کیا۔ واضح رہے کہ اعتماد سازی کے منصوبوں کے تحت واپڈا کے سینئر ڈاکٹرزاب بہت جلد داریل اور تانگیرکے سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کا طبی معائنہ کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت کی درخواست دونوں تحصیلوں میں تعلیم اورصحت کے شعبے میں انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ اس موقع پر مقامی عمائدین نے علاقے میں ڈاکٹرز کی تعیناتی اورصحت کے شعبے میں انفراسٹرکچر کی بہتری کےلیے اقدامات اٹھانے پر چیئرمین واپڈا انجینئرلیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی(ریٹائرڈ )اور دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ وفد میں دیامر بھاشا ڈیم کے میڈیکل آفسر ڈاکٹر اعجاز شیخ، ڈاکٹر شہناز خاتون، ڈائریکٹر(ریسیٹلمنٹ)انجینئرمرتضی بوہرہ، ڈائریکٹر(کوآرڈینیشن )رحیم شاہ ، ڈائریکٹر( ایچ آر اینڈ ایڈمن )حسنین سعید شامل تھے۔