گلگت، عوامی ایکشن کمیٹی کا عبوری چیئرمین پر عدم اعتماد

 عوامی ایکشن کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت مرکزی انجمن تاجران کے صدر و ممبر سپریم کونسل عوامی ایکشن محمد ابرہیم مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں عوامی ایکشن کمیٹی کے وائس چیئرمین مسعود الرحمن، جنرل سیکریٹری عمر، ایگزیکٹو باڈی کے و سپریم کونسل کے ممبران غلام عباس، ابرار بگورو، راجہ میر نواز میر، محمد فاروق ، راجہ شاہ زیب الرحمن اکرام حیدر، امتیاز گلگتی، کوثر حسین و دیگر اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر کہا گیا کہ سپریم کونسل عوامی ایکشن کمیٹی نے صرف چیئرمین کو ایک سال کے محدود دائرہ کار میں ایک ضابطے کے تحت بنایا تھا اور اب دیکھنے کو مل رہا ہے کہ اس وقت جس کو ایک سال کے لئے عبوری چیئرمین بنایا گیا تھا ان کی طرف سے خود کو مستقل چیئرمین ظاہر کرکے دیرینہ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں اور عہدیداروں کو نظر انداز کیا جارہا ہے جو کہ قابل مذمت ہے۔ ہم نے وقت دیا ہے کہ اس مسئلے کو حل کیا جائے تاکہ عوامی ایکشن کمیٹی عوامی مفاد کے لئے استعمال ہوسکے۔ یکم جولائی تک انتظار کیا جائے گا ان معاملات کو حل نہیں کیا گیا تو سپریم کونسل کے پاس 2020 کے انتخابات تک رجسٹرڈ جو ایگزیکٹیو باڈی تھی ان کی درخواست پر اجلاس طلب کرکے انہی کی رائے کے تحت نئے سیٹ اپ کا اعلان کیا جائے گا چونکہ اس وقت سپریم کونسل کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ کسی بھی مسئلے پر باز پرس کرے اور اکثریتی رائے کا احترام کرتے ہوئے سفارشات پر غور کرے۔