معروف اداکارہ و ٹی وی میزبان سعدیہ امام نے اعتراف کیا ہے کہ شادی کے بعد انہیں ان کے شوہر کی جانب سے کام کرنے سے روک دیا گیا تھا۔ ایک انٹرویو میں اداکارہ نے کہا کہ میں نے دیکھا ہے ڈاکٹر لڑکیاں شادی کے بعد کام چھوڑ دیتی ہیں، ماں باپ اتنا پیسہ لگا کر پڑھاتے ہیں لیکن شوہر کام نہیں کرنے دیتے، ماضی میں مائیں اپنی بیٹیوں کی اچھی تربیت کرتی تھیں لیکن اب ایسا نہیں ہوتا۔شادی کے بعد کام یا ملازمت کرنے کی خواہش رکھنے والی خواتین پر بات کرتے ہوئے سعدیہ امام نے کہا کہ ہمارے سماج میں ایک خاص ذہنیت ہے جسے بدلنے کی ضرورت ہے اور ایسی ذہنیت ٹی وی پروگراموں سمیت دوسرے ذرائع سے تبدیل ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ جیسے میرے شوہر نے مجھے بطور اداکارہ سعدیہ امام پسند کیا تھا لیکن شادی کے بعد انہوں نے مجھے کام کرنے سے روک دیا، کچھ بھی نہیں تھا بس مجھے شوبز میں کام کرنے سے روکنے میں شوہر کی انا کا مسئلہ تھا۔واضح رہے کہ سعدیہ امام نے 2012 میں شادی کے بعد کافی عرصے تک اسکرین سے غائب رہیں تاہم اب وہ مارننگ شو اور مختلف ٹی وی پروگرامز میں دکھائی دیتی ہیں۔