کوسٹرحادثہ، استور میں 12افراد سپرد خاک، جنازے اٹھنے پر کہرام

استور (سبحان سہیل) کوسٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والے 12 افراد کو ان کے آبائی علاقوں میں سپردخاک کردیا گیا، دوسری جانب اندوہناک سانحے میں لاپتہ افراد کی تلاش کا کام دوسرے روز بھی جاری رہا، مزید ایک خاتون کی لاش دریا کے کنارے سے مل گئی، 12 کی تلاش جاری ہے، شناخت کے بعد میت کو گلگت منتقل کردیا گیا ہے جہاں سے دیگر میتوں کے ہمراہ چکوال روانہ کردیا جائیگا، 12 لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری تھا، جاں بحق افراد کی نماز جنازہ مرکزی امام بارگاہ عیدگاہ میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں انتظامی سربراہان سول سوسائٹی اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جنازے گائوں پہنچنے پر ہر طرف کہرام مچ گیا، 11 افراد کو پریشنگ مشکے اور گائوں تھینگ پائین میں اور 1 خاتون کو پکورہ اور ایک کو رحمان پور میں سپردخاک کیا گیا، تدفین کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے سربراہان موجود رہے اور لواحقین سے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔  ادھر ریسکیو 1122 گلگت، دیامر اور استور کی ٹیموں نے تلاش کا کام انجام دیا. جبکہ درجنوں مقامی رضاکاروں نے بھی تلاش میں معاونت کی . ڈپٹی کمشنر استور نے تدفین کا مرحلہ مکمل کرکے سرچ آپریشن کی نگرانی کے لیے متاثرہ مقام پہنچ گئے اور سرچ آپریشن کا جائزہ لیا. ڈپٹی کمشنر استور محمد طارق نے کہا ہے کہ کل سے سرچ ٹیموں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا اور کشتیوں کی مدد سے سرچ آپریشن جاری رہے گا. جبکہ ماہر  غوطہ خوروں کی خدمات کو بھی بروئے کار لانے کے لیے رابطہ کیا جائے گا اور ان کی خدمات حاصل کی جائیں گی تاکہ لاپتہ افراد کو تلاش کیا جاسکے۔