ہنزہ(پ ر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ہنزہ گوجال میں عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لینڈ ریفارمز کے ذریعے زمینوں کی ملکیت عوام کو دے رہے ہیں۔ کسی مافیا کے پریشر میں نہیں آئیں گے۔ 100 فیصد زمینوں کی ملکیت عوام کودینے سے مافیاز کو مسئلہ ہے۔ لینڈ ریفارمز کے حوالے سے اگر کوئی مثبت تجویز آئی تو اس پر غور کیا جاسکتا ہے۔ اپر ہنزہ کو اضافی سیٹ دینے کیلئے وفاقی حکومت کو سفارش کی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے چپورسن روڈ کی توسیع اور پلوں کی تعمیر کیلئے محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ کو فزبلٹی تیار کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ چپورسن 2 میگاواٹ سے بجلی کی ترسیل آئندہ دو ہفتوں میں یقینی بنائی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے گوجال 10بیڈ ہسپتال کو آئندہ اے ڈی پی میں 30 بیڈ میں اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا اور محکمہ تعلیم کو گوجال ہائیر سکینڈری سکول کو ڈگری کالج کا درجہ دینے کیلئے اپنی سفارشات تیار کرنے کے بھی احکامات دیئے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گوجال دورے کا مقصد عوام کے مسائل سننا اور ان مسائل کو حل کرنا ہے۔ محدود وسائل کے باوجود حکومت علاقے کی ترقی اور دور دراز علاقوں کی محرومی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے لانگ ٹرم پالیسی پر کام کررہے ہیں۔ صوبائی حکومت کی سفارش پر وزیر اعظم پاکستان نے 100میگاواٹ سولر منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ گوجال میں درکار بجلی کیلئے سولر منصوبے کے تحت بجلی فراہم کریں گے۔ ہنزہ کے عوام کو درپیش پانی کا مسئلہ حل کرنے کے حوالے سے گریٹر واٹر سپلائی سکیم ہنزہ کا افتتاح کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ 2010 میں عطاء آباد کا سانحہ ہوا۔ اس کے نقصانات کے ازالے کی کوشش اس وقت سے ہورہی تھیں۔ جو علاقے زیر آب آئے ہیں ان زمینوں کا معاوضہ یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت وفاقی حکومت کو سفارش کرے گی۔ ہنزہ میں بجلی بحران زیادہ ہے جس کو حل کرنے کیلئے مقامی لوگوں کا تعاون درکار ہے۔ بجلی کے منصوبوں میں عوام رکاوٹیں پیدا نہ کریں تاکہ منصوبے مقررہ مدت میں مکمل ہوں۔ علاقے کی ترقی کیلئے حکومت سنجیدہ ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ڈی ایچ کیو ہسپتال ہنزہ دورے کے موقع پر آپریشن تھیٹر کو غیر فعال کرنے اور ادویات کی عدم دستیابی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت کے متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ ادویات کی خریداری کے حوالے سے ٹینڈر پراسس کو بروقت مکمل کرنے کیلئے پالیسی بنائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ہنزہ ناصر آباد میں عمائدین اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہنزہ نگر کے عوام کے مسائل سننے او ران کے حل کیلئے آیا ہوں۔ گندم کا مسئلہ درپیش تھا جس کو مستقل بنیادو ں پر حل کیا ہے۔ بجلی کا بحران سابقہ حکومتوں کی عدم توجہی کی وجہ سے ہے۔ 100 میگاواٹ سولر منصوبوں کا وزیر اعظم پاکستان نے اعلان کیا ہے۔ سکردو، گلگت اور ہنزہ میں بجلی بحران پر قابو پائیں گے۔ ناصر آباد میں پانی کی کمی کو دور کرنے کیلئے محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ سروے کرکے سفارشات تیار کریں۔ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے حکومت پرعزم ہے۔ محدود وسائل میں عوام کوریلیف فراہم کریں گے۔ ماربل کا مسئلہ حل کرنے کیلئے حکومت بہتر انداز میں کام کررہی ہے۔بعدازاںوزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ہنزہ گنش سپریم کونسل اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنزہ اور نگر کے حدود کو وجہ بناکر ترقیاتی منصوبوں کو متاثر نہ کیا جائے۔ ہم ہنزہ اور نگر میں ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ ہنزہ میں اضافی سیٹ کے حوالے سے وفاقی کو سفارش کی جائے گی۔ شاہراہ قراقرم متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی کیلئے چیئرمین این ایچ اے سے رابطے میں ہیں۔ امید ہے کہ جلد یہ مسئلہ حل ہوگا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی ہے کہ ہنزہ میں خالی آسامیوں کو مروجہ طریقہ کار کے مطابق میرٹ پر بھرتیاں عمل میں لائی جائیں۔