پی ٹی آئی احتجاج، گلگت بلتستان کے چار نوجوان لاپتہ

سکردو (چیف رپورٹر) گلگت بلتستان کے چار نوجوان ڈی چوک اسلام آباد سے مبینہ طورپر لاپتہ ہوگئے چاروں نوجوان پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں موجود تھے جلسے کے بعد سے ان چاروں نوجوانوں سے گھر والوں کا رابطہ منقطع ہوگیا جو نوجوان مبینہ طورپر لاپتہ ہیں ان میں سکردو کچورا سے تعلق رکھنے والے شاکر حسین دیامر سے تعلق رکھنے والے عزت علی شاہ، انوار اللہ اور شاہ ولی اللہ شامل ہیں چاروں نوجوان چار روز سے غائب ہیں ان کے بارے میں ان کے گھر والے بھی لا علم ہیں صوبائی وزیر داخلہ شمس الحق لون نے کے پی این کو بتایا ہے کہ جی بی کے چار نوجوانوں کی گمشدگی کے بارے میں جوں ہی اطلاع ملی ہے وفاق سے رابطہ کیا ہے اس سلسلے میں اپوزیشن لیڈر کاظم میثم نے بھی مجھ سے رابطہ کیا تھا کوشش کی جارہی ہے کہ جی بی کے گمشدہ ان نوجوانوں کا سراغ لگایا جائے کچھ اہم شخصیات سے بھی اس بابت رابطہ کرلیا انشا اللہ کوئی نہ کوئی بریک تھرو ضرور ہوگا اپوزیشن لیڈر کاظم میثم نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ شمس الحق لون سے گمشدہ نوجوانوں کے بارے میں رابطہ ہوا ہے انہوں نے اسلام آباد انتظامیہ سے رابطہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے امید ہے کہ وہ اس سلسلے میں لواحقین کی مدد کریں گے نوجوانوں کی گمشدگی کے باعث ان کے گھر والے بڑے پریشان ہیں چار روز سے گمشدہ نوجوانوں کے ان کے گھر والوں سے رابطے نہیں ہورہے ہیں جس کی وجہ سے بڑی تشویش پیدا ہورہی ہے پتہ لگانا ہوگا کہ جی بی کے نوجوان کہاں کس حال میں ہیں ؟