چلاس(پ ر) واپڈا دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ نے پراجیکٹ ایریا کے غیر ہنر مند نوجوانوں کو فنی تربیت دینے کیلئے ٹیکنیکل وکیشنل پروگرام کا آغاز کردیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت پراجیکٹ ایریا کے نوجوانون کو گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام اور نیشنل لوجسٹک سیل کے ادارے (اے ٹی آئی این)کے تعاون سے18 مختلف ٹریڈز میں ٹیکینکل وکیشنل ٹریننگ دی جائیگی۔ پہلے مراحلے میں گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے ساتھ 7 جبکہ اے ٹی آئی این کے ساتھ چار مختلف ٹریڈز میں فنی تربیت کیلئے داخلے کا اعلان کردیاگیا ہے۔ ان کورسز میں الیکٹریشن، اسٹیل فکسر، ویلڈنگ، پلمبنگ ، کارپینٹر، مستری اور شیف شامل ہیں۔اس کے ساتھ نیشنل لوجسٹک سیل کے ادارے اپلائیڈ ٹیکنالوجیز انسٹیٹیوٹ میں آٹو کیڈ، آٹو میکینک، ہیوی ٹرانسپورٹ ڈرائیورنگ اور ایکسویٹر آپریٹر کی تربیت دی جائے گی ،،دلچسپی رکھنے والے امیدوار واپڈا وکیشنل اینڈ ٹیکینکل انسٹیٹیوٹ ہرپن داس چلاس ،جی بی آر ایس پی ریجنل آفس یا واپڈا پراجیکٹ آفس چلاس سے داخلہ فارم وصول کرسکتے ہیں۔ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 دسمبر 2024 ہے۔ اس پروگرام کا مقصد پراجیکٹ ایریا خصوصا دیامر کے نوجوانوں کو جدید دور سے ہم آہنگ قومی و بین الاقوامی مارکیٹ کو درکار ماہر افرادی قوت کے لیے تربیت فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے نوجوان کو جدید فنی تربیت دیکر انھیں میگا پراجیکٹس میں روز گار اور بہتر معاش کے حصول کے قابل بنانا اور اس سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔ واضح رہے کہ چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) کی زیرصدارت واپڈا اتھارٹی نے اعتماد سازی کے اس پروگرام کی منظوری دے دی تھی۔