سکردو(محمد اسحاق جلال، لیاقت انجم) صوبائی وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا نے کہاہے کہ پہاڑوں، دریائوں اور معدنیات کے مالک یہاں کے عوام ہیں جب تک عوام مطمئن نہیں ہونگے تب تک لینڈ ریفارمز بل پاس ہونے نہیں دیں گے لفظ خالصہ سرکار ختم ہوگا کوئی گورنمنٹ لینڈ نہیں ہوگی وکلا اور انجمن امامیہ کی جانب سے پیش کردہ مسودے میں ضروری ترامیم کراکر اس کو بل کا حصہ بنائیں گے یادگار چوک پر پارٹی کے یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لینڈ ریفارمز ہمارا نعرہ ہے،ہم اس نعرے کو عملی جامہ پہنا کر دم لیں گے بائیس لاکھ عوام کو حق ملکیت اور حق حاکمیت دیں گے لینڈ ریفارمز کا کریڈٹ اپوزیشن لیڈر کو بھی دیں گے لہذا وہ فکرمند نہ ہوں ہم علاقے کا سودا کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دیں گے انہوں نے کہاکہ لینڈ ریفارمز کے آنے سے مافیاز پریشان ہونگے مگر ہم عوام کو مطمئن کرکے زمینوں کے حوالے سے قانون پاس کرکے عوام کو ان کی زمینوں کے مالک بنائیں گے انہوں نے کہاکہ آئندہ الیکشن میں کسی جماعت کے ساتھ اتحاد یا سیٹ ایڈجسمنٹ کا فیصلہ پارٹی قیادت نے کرنا ہے پارٹی کارکنوں کو اس حوالے سے فکرمند ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ہمارے پاس چوبیس کے چوبیس حلقوں میں امیدوار موجود ہیں اتحاد یا سیٹ ایڈجسمنٹ وہ جماعتیں کرتی ہیں جن کے پاس دو تین حلقے ہی موجود ہیں ہم انشا اللہ آئندہ الیکشن میں چوبیس حلقوں سے الیکشن لڑیں گے انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی بہت بڑی جماعت ہے اس میں چھوٹے موٹے اختلافات چلتے رہتے ہیں یہ جمہوریت کا حسن ہیں مگر کوئی بڑا ایشو نہیں ہم گلگت بلتستان کا سودا کرنے والوں کو اپنی صفوں میں گھسنے نہیں دیں گے ہم یہ اعلان کرتے ہیں کہ پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو غیر مشروط طورپر لائیں گے کوئی شرط قبول نہیں ہے غیر مشروط طور پر جو کوئی بھی پارٹی میں شامل ہونا چاہے ہوسکتا ہے انہوں نے کہاکہ تعلیمی ترقی کیلئے بڑے منصوبے لیکر آرہے ہیں یہاں بڑا تعلیمی انقلاب برپا کریں گے انہوں نے کہاکہ ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ سکردو میں اس وقت بائیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے جامع منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے مارچ تک لوڈشیڈنگ پر قابو پالیا جائے گا منصوبے پر کام ہورہا ہے انہوں نے کہاکہ ہم اپوزیشن جماعتوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ وہ آئیں ہمیں مشورے دیں ہم ان کے مفید مشوروں پر عمل بھی کریں گے علاقے کے ساتھ بہت کھلواڑ ہوچکا اب علاقے کے ساتھ مزید کھلواڑ نہیں ہونا چاہیے انہوں نے کہاکہ یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی کے تمام رہنمائوں نے یادگار چوک پر جمع ہوکر پیغام دیا ہے کہ یہاں پارٹی کارکنوں میں کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں ہے سب متحد ہیں۔