گلگت بلتستان کیلئے پرنس کریم آغا خان کی خدمات ناقابل فراموش، آغا راحت الحسینی

 گلگت(سٹاف رپورٹر)قائدِ ملتِ جعفریہ گلگت بلتستان سید راحت حسین الحسینی کی قیادت میں عوام کی بڑی تعداد نماز جمعہ کے بعد ہزہائنس پرنس کریم آغا خان کی رحلت پرتعزیت کرنے اور نئے امام کی تقرری پر مبارکباد دینے کے لیے سینٹرل جماعت خانہ گلگت تشریف لائے، جہاں انہوں نے حضرت امام شاہ کریم الحسینی کی رحلت پر اسماعیلی کونسل اور جماعت سے تعزیت کا اظہار کیا۔ آغا راحت حسین الحسینی کے ہمراہ علما کرام' پی پی پی کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈوکیٹ' وزیر اعلی کے معاون خصوصی حسین شاہ سمیت عوام کی ایک بڑی تعداد ہزہائنس کے مریدوں سے اظہارِ تعزیت اور نئے امام کی تقرری پر مبارکباد دینے کے لیے جماعت خانے پہنچی۔اس موقع پر کرامت حسین نجفی نے حضرت امام شاہ کریم الحسینی کی گراں قدر خدمات کا تذکرہ کیا، جبکہ قائدِ ملتِ جعفریہ، آغا راحت حسین الحسینی، نے خصوصی دعا کرائی۔اس سے قبل مرکزی امامیہ مسجد گلگت کے امام جمعہ والجماعت سید راحت حسین الحسینی نے نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ہزہائنس پرنس کریم آغا خان کے سماجی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ہزہائنس پرنس کریم آغا خان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے سر کے خطاب سے نوازا جائے آغا راحت حسین الحسینی نے کہا کہ ہزہائنس پرنس کریم آغا خان نے پورے ملک خصوصا گلگت بلتستان میں صحت' تعلیم سیاحت محض ہر شعبے کی ترقی کے لئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک نے ہر علاقے میں کمیونٹی کے اشتراک سے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا ہے۔ تعلیم اور صحت کی سہولیات قریہ قریہ تک پہنچائی ہیں ہز ہائنس پرنس کریم آغا خان نے فلاح انسانیت اور خدمت کے لئے ہمہ وقت کردار ادا کیا ہے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں جن پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔