گلگت(سٹاف رپورٹر)دنیور اور نگر میں چوری کی انوکھی واردات، ایس پی ہنزہ کے احکامات پر سٹی تھانہ پولیس کی کامیاب بروقت کارروائی دو گاڑیاں برآمد کر لیں. ذرائع کے مطابق دنیور اور نگر سے نامعلوم چوروں نے ایک رات کے اندر انتہائی مہارت سے تین گاڑیاں چوری کر لیں اور ہر گاڑی کو ایک مخصوص مقام تک لے جانے کے بعد اسے چھوڑ کر دوسری گاڑی چوری کرتے رہے۔ ہنزہ پولیس کو اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے دنیور اور ہنزہ سے چوری ہونے والی دو گاڑیاں برآمد کر لی گئیں، جبکہ چوروں کی تلاش جاری ہے۔چوروں نے سب سے پہلے دنیور سے ایک گاڑی چوری کی اور اسے ہنزہ کے علاقے مرتضی آباد تک لے گئے، جہاں پہنچ کر گاڑی کا ایندھن ختم ہو گیا۔ وہاں انہوں نے پہلی گاڑی چھوڑ کر ایک اور گاڑی چوری کی اور فرار ہو گئے۔ جب وہ نگر پہنچے تو دوسری گاڑی کا بھی تیل ختم ہو گیا، جس کے بعد انہوں نے وہاں سے تیسری گاڑی چوری کی اور واپس دنیور پہنچ گئے۔ ہنزہ پولیس نے معاملے کی اطلاع ملتے ہی نگر اور دنیور پولیس سے رابطہ کیا اور چوروں کی تلاش کے لیے مشترکہ کارروائی کا آغاز کر دیا۔ ہنزہ اور دنیور سے چوری شدہ دو گاڑیاں برآمد کر لی گئی ہیں، جبکہ نگر سے چوری ہونے والی تیسری گاڑی کا بھی دنیور میں موجودگی کی اطلاع پولیس کو مل گئی ہے ۔اس غیر معمولی چوری کی واردات نے عوام کو حیران کر دیا ہے، کیونکہ چوروں کا طریقہ کار عام چوریوں سے مختلف تھا۔ تفتیشی حکام اس پہلو پر بھی غور کر رہے ہیں کہ آیا چوری کی ان وارداتوں کے پیچھے کوئی مخصوص مقصد تھا یا یہ محض اتفاقیہ جرائم تھے۔ پولیس کی ٹیمیں چوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے سرگرم عمل ہیں، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور عینی شاہدین کی مدد سے تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
