ملازم شہری بھی ہوتا ہے

 امیرجان حقانی

گلگت بلتستان حکومت نے سرکاری ملازمین کے متعلق پرنٹ، الیکٹرونک اور سوشل میڈیا پر آنے کے حوالے سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا اور میڈیا میں اپنے خیالات و افکار کے اظہار پر پابندی عائد کر دی۔مختلف اہل علم نے اس پر اپنے خیالات و خدشات کا اظہار کیا۔برادرم عباس وفا نے بھی ایک قیمتی جملہ لکھا ہے۔مجھے اتنا اچھا لگا کہ احباب سے شیئر کرنے پر مجبور ہوا۔یوں سمجھیے کہ انہوں نے کوزے سے دریا بہایا ہے یا دریا کو کوزے میں بند کردیا ہے۔میں نے اس جملے کی تفصیل لکھ دی اس تفصیل پر ایک سنجیدہ مکالمہ شروع ہوا۔عباس وفا لکھتے ہیں:"ملازم صرف ملازم نہیں ایک شہری بھی ہوتا ہے۔اس جملے کی تفصیل یہ ہے کہ ایک شہری سے اس کے آئینی و قانونی اور بنیادی حقوق نہیں چھینے جاسکتے ہیں۔ایک سرکاری ملازم(شہری) کو بھی اپنے فکر و نظر،علم، خیال، نظریہ، سوچ ،نالج اور دانش و حکمت کو قدیم و جدید ابلاغی ٹولز کو استعمال کرتے ہوئے دوسروں تک پہنچانے کا مکمل حق حاصل ہے۔اور یہ حق اس کو اس کی ریاست نے ایک سوشل کنٹریکٹ آئین و دستور کے ذریعے نہ صرف عطا کیا ہے بلکہ اس کی پروٹیکشن کا اظہار بھی کیا ہے۔حکومت ریاست کا ایک  لازمی عنصر اور جز ہے۔ کوئی عنصر یا جز اپنے کل کی مخالفت کرہی نہیں سکتا ہے۔حکومت کا ریاست کے تسلیم کردہ حقوق  اور اسکی حفاظت کو نہ ماننا اور وائلیشن کرنا ہی غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔آئین اور قانون کی خلاف ورزی نہ حکومت کرسکتی ہے نہ کوئی ادارہ  یا فرد کرسکتا ہے۔ہر ایک کو آئینی و قانونی حدود میں رہ کر چلنا ہوتا ہے۔ جن معاشروں میں قانون اور آئین کی وائلیشن ہوتی ہے وہاں تنزلی لازم ہے اور ہمیں کسی صورت اپنے سماج اور ملک کو تنزلی کی طرف لے جانے سے گریز کرنا ہوگا۔اور بالخصوص عوامی اور جمہوری حکومتیں اپنے تمام شہریوں کے بنیادی حقوق نہ صرف تسلیم کرتی ہیں بلکہ ہر حال میں ان کا حفاظت بھی کرتی ہیں۔ سو ہمیں جمہوری اقدار کو فروغ دینا ہوگا، شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا ہوگا۔آئین کی بالادستی اور قانون و انصاف کی علمبرداری کو لازم پکڑنا ہوگا۔آئین اور قانون سے کوئی ادارہ، فرد یا ریاستی عنصر بالادست نہیں ہوتا۔سب اسی کے دائرے میں رہ کر امور چلانے کے پابند ہیں۔پلیز کوئی خود کو اکیسویں صدی میں ریاستی آئین سے بالادست نہ سمجھیے گا۔ان مختصر گذارشات پر استاد یونس سروش نے شاندار انداز میں تصویر کا دوسرا رخ بھی پیش کیا۔بہت سے اہم نکات کی طرف توجہ مبذول کروائی ۔

وہ لکھتے ہیں:"اہم پہلو کی نشاندہی کی ہے آپ نے مگر ملازم اور عام شہری کے دائرہ اظہار میں کچھ فرق ضرور ہے جو کسی سرکاری عہدے پر تقرری کے ساتھ ہی  ملازم کے گرد کھنچ جاتا ہے۔ اس دائرے کا انحصار عہدے کی نوعیت پر ہے۔ ملازم ریاستی مشینری کا کل پرزہ ہے۔ ریاستی مشینری اس نظریے پر ڈیزائن کی گئی ہوتی ہے جس کی بنیاد پر  ملک یا ریاست  وجود میں آتی ہے ۔ یہ ڈیزائن متعدد پرتوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ ہر پرت کے ساتھ ایک ادارہ منسلک ہوتا ہے جو ریاست کی بقا، سلامتی اور خوشحالی کے لئے اپنے حصے کی ذمہ داری نبھاتا ہے۔ بعض ادارے ریاست کے اثاثوں کی حفاظت پر مامور ہوتے ہیں۔  الغرض ریاستی مشینری کے جملہ پرزے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے فرائض بجا لاتے ہیں۔ جس سوشل کنٹریکٹ کے تحت کسی ملازم کی کسی عہدے پر تقرری عمل میں آتی ہے اس کنٹریکٹ میں اس کے حقوق و فرائض کی تفصیل موجود ہوتی ہے ۔ جانبین یعنی ریاستی ادارے اور ملازم جب کنٹریکٹ پر دستخط کرتے ہیں تو پھر اظہار رائے کے حوالے سے کافی سارے حقوق سے ملازم دستبردار ہوجاتا ہے یہ حقوق بعض صورتوں میں ملازمت سے سبکدوش ہونے کے دو سال بعد بحال ہوجاتے ہیں۔ اس کا انحصار عہدے کی نوعیت اور حساسیت پر ہے۔ مثلا آپ دورانِ ملازمت کسی عوامی عہدے پر الیکشن نہیں لڑ سکتے ۔ اس کے لئے آپ کو ریٹائرمنٹ کے بعد دو سال تک انتظار کرنا پڑے گا۔ اسی طرح بحیثیت ملازم آپ ریاستی پالیسیوں پر تنقید نہیں کر سکتے۔ کسی سیاسی عہدے پر کام نہیں کر سکتے۔ کسی کی کھل کر الیکشن کمپین نہیں چلا سکتے وغیرہ وغیرہ۔ المختصر جس سوشل کنٹریکٹ کے تحت ایک بندہ ملازمت قبول کرتا ہے اسی کے تحت وہ کافی سارے ضابطوں اور بندھنوں میں بندھ جاتا ہے۔گویا ملازم آپے سے باہر نہیں ہو سکتا۔ڈاکٹر طاہر ممتاز نے اس کو انتہائی اہم موضوع قرار دے کر اس پر علمی مکالمہ اور سیمنارز منعقد کرنے کی تجویز دی۔وہ لکھتے ہیں:"سرکاری ملازمین کا سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے محترم جناب امیر جان حقانی صاحب نے بحث چھیڑی ہے اور  محترم عباس وفا صاحب کا ایک اہم جملہ  نقطے کو آغاز بحث بنایا ہے کہ سرکاری ملازم بھی ایک شہری ہونے کی حیثیت سے آئینی طور پر اپنی رائے کے اظہار کا حق رکھتا ہے۔  میری بھی یہی رائے ہے اور میرا خیال ہے کہ سرکاری طور پر ایک  اینالیسسز ریسرچ کیا جائے اور اس پر سیمنار منعقد کر کے شہریوں کو بتا دیا جائے کہ عوامی رائے اور اظہار آزادی سے کس کس ادارے کو کیا تکلیف ہے اور موجودہ ریاست کس حد تک سچ برداشت کر سکتی ہے۔ حقانی صاحب  اور عباس بھائی کی سوچ فرد اور ریاست کے مابین تعلق کے نہج کی بہترین وضاحت کر تی ہے۔ آئینی طور پر فرد اگر ریاست کے لئے کام کرتا ہو تو کسی طور اپنے اظہار رائے کے حقوق سے دستبردار نہیں ہوتا۔  بہت اچھی بحث چھیڑی ہے بھائی ۔ اس پر باقاعدہ سیمنار ہونا چاہیئے۔جانے کس نے کہا ہے کہ جدید ریاست جبر کے تحت قائم ہے۔ فرد کو قانون کے تحت جتنا بھی حقوق کا تحفظ اور اظہار رائے کی آزادی حاصل ہو ریاست حکومت نظریہ ضرورت یا نقص امن کو جواز بنا کر قدغنیں لگاتی آئی ہے۔ تاریخ شاہد ہے کہ تیسری دنیا کا شہری آئینی حقوق کا رونا روتا آیا ہے مگر ریاست اس معاملے میں اور نظریہ رکھتی ہے جو انفرادی طور پر دی گئی آئینی حقوق کے ضد بھی ہو سکتے ہیں۔بہت سارے دیگر احباب نے اپنا نقطہ نظر بیان کیا ہے۔حلیم فیاضی لکھتے ہیں:گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کی جانب سے ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے سرکاری ملازمین کو اس بات کا پابند بنا دیا گیا ہے کہ وہ الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا میں حکومت کے کسی بھی اقدام، فیصلوں اور معاملات پر تحریری، تصویری اور تقریری انداز میں اظہار خیال نہیں کرسکیں گے ۔ نوٹیفیکیشن میں سرکاری ملازمین کیلئے مقررہ کوڈآف کنڈکٹ کے کچھ آئینی شقوں کا حوالہ دیکر یہ بات واضح لکھی گئی ہے کہ اگر کسی سرکاری ملازم کو میڈیا میں حکومت مخالف کوئی بات کہتے اور لکھتے ہوے پایاگیا تو قانون کے مطابق اس کو سزادی جائے گی ۔ اس حوالے سے ہمارے بہت سے دوستوں نے حکومت کے اس اقدام کو اظہار رائے کی آزادی پر قدغن سے تعبیر کرکے اسے خلاف قانون اقدام قراردیا ۔ لیکن میرا اس حوالے سے ماننا ہے کہ ریاستی مشینری کے ایک پرزے یا ریاست بمثل ایک خاندان کے ایک فرد ہونے کے ناتے یہ ہمارا ملازمین کا اخلاقی فرض بنتا ہے کہ جس طرح ہم اپنے ذاتی گھر کے کچھ معاملات صیغہ راز میں  رکھتے ہیں اور ہماری ہمیشہ یہ کوشش ہوتی ہے کہ میرے کسی قول وفعل سے میرے گھر کو کسی قسم کانقصان نہ پہنچے ۔اس لئے میں کوشش کرتا ہوں کہ میرے گھر کی باتیں صرف میں اور میرے گھر تک ہی محدود رہیں اوراگر وہ باتیں گھر سے باہر نکلیں تو وہ گھر کی بدنامی بے عزتی اور خرابی کا موجب بن سکتی ہیں ۔ بحیثیتِ ریاستی ملازم کے میرا فرض ہے کہ میں  ریاست یا حکومت کے کسی بھی اقدام کی نہ صرف بھر پور سپورٹ کروں بلکہ اس کو اپنے گھر ،  اپنی ذات اور انا کا مسئلہ سمجھ کر راز میں رکھنے کی۔ہر ممکن کوشش کروں لیکن یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ حکومت کی جانب سے اس طرح پابندیوں کے اطلاق سے حکومت کی سبکی بھی ہوسکتی ہے اور اس تاثرکو بھی تقویت ملتی ہے کہ ارباب اختیار میں  تنقید طنز اور تنقیص برداشت کرنے کی صلاحیت نہیں،  اختلاف رائے کو دبانا حکومت کا وتیرہ بن چکا ہے ۔ حکومت سرکاری ملازمین کو پابند کرنے کے بجائے اسے اقدامات اٹھائے کہ ملازمین سمیت ہر شہری حکومت کی تعریف کرنے پہ مجبور ہوجائے ۔۔ یہ انسانی فطرت بھی ہے کہ اگر کسی شخص کو یہ کہاجائے کہ آپ نے فلاں چیز نہیں کھانی ہے تو اس دل اس چیز کو کھانے کی طرف زیادہ شدت سے  مائل ہوتاہے ۔ حکومت کے اس اقدام سے حکومت پر تنقید کرنے کیلئے  اپوزیشن کو شہہ ملیگی جو اس مسئلے کو اظہارِ رائے کی آزادی پر قدغن قرار دیکر میڈیا میں  اچھالے گی۔یہ ایک اہم عوامی ایشو ہے اس پر اہل علم و فکر کو آگاہی اور شعور دینا ہوگا ۔ عوام کا حق ہے کہ وہ اپنے بیسک رائٹس اچھی طرح سمجھ لیں اور اہل علم پر لازم ہے کہ وہ مکمل تفصیلات کیساتھ سمجھا دیں۔اساتذہ کرام اور اہل علم و قلم سرکاری ملازمین سے گزارش ہے کہ وہ اپنے علمی و فکری خیالات کا اظہار اور اصلاح معاشرہ کے لئے حکومت سے تقریر و تحریر کی  اجازت نامہ  لے لیں۔میں جی بی کا پہلا سرکاری ملازم ہوں جس کے پاس اصلاحی تحریر و تقریر کے لئے NOC موجود ہے۔

اللہ ہمارا حامی و ناصر ہو۔