پی سی بی میں اچانک فوری تبدیلیوں سے گزیز، رمیز راجہ کی متوقع پالیسی

سابق کپتان رمیز راجہ کو چیئرمین کرکٹ بورڈ کی کرسی پر بیٹھنے کے بعد کئی اہم اور فوری چیلنجز کا سامنا ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی کرسی سنبھالنے کے بعد رمیز راجہ کو نیوزی لینڈ ٹیم کی میزبانی کے ساتھ ورلڈکپ کے لیے ایک مضبوط پاکستانی ٹیم کا انتخاب اہم ایشو ہے اور یہ فیصلہ بھی کرنا ہوگا کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق، باؤلنگ کوچ وقار یونس اور ان کے ساتھیوں پر مشتمل ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ ہی میگا ایونٹ میں جانا ہے یا پھر اس سیٹ اپ میں تبدیلی لانا ہوگی۔اطلاعات کے مطابق پی سی بی کے متوقع نئے چیئرمین نے پرانے ساتھی کرکٹرز سے مشاورت بھی شروع کر دی ہے، ایک سابق کرکٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ رمیز راجہ اچانک اور فوری تبدیلیوں سے گریز کی پالیسی اپنانے کو ترجیح دیں گے جب کہ ٹیم کے انتخاب سے پہلے رمیز راجہ مینجمنٹ اور چیف سلیکٹر محمد وسیم سے ملاقاتیں کریں گے جس میں وہ کوچنگ اور ٹیم سلیکشن کے حوالے سے اپنی رائے دیں گے۔